محمد تسکین
بانہال//ضلع رام بن کے کئی علاقوں میں ہفتے کی دوپہر بعد گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوئی ہیں جبکہ رام بن راج گڑھ کے گاڑھی کمیت کے علاقوں میں شدید ژالہ باری ہوئی اور فصلوں ، سبزیوں اور پھلدار درختوں کو نقصان پہنچنے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ڈھلواس کے مقام سڑک کی ضروری مرمت کے پیش نظر بارہ گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد شاہراہ کو ہفتے کی صبح دس بجے دوبارہ قابل آمدورفت بنایا گیا تاہم ناشری ٹنل کے آر پار ٹریفک جام کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت سست روی کا شکار رہی اور مسافر گاڑیوں کو اپنی منزلوں تک پہنچنے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا ۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی طرف سے بٹوت ڈھلواس کے مقام رات بھر جاری رہنے والی شاہراہ کی کشادگی کا کام انجام دیا گیا ۔ جمعہ رات دس بجے سے ہفتے کہ صبح دس بجے تک جاری رہنے والے سڑک کے مرمتی اور کشادگی کے کام کی نگرانی ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائی وے رامب ن روہت بسگوترا اور پروجیکٹ ڈائریکٹر نیشنل ہائی وے اتھارٹی پرشوتم کمار خود کر رہے تھے۔