عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سرینگرجموں شاہراہ پر کروڑوں روپے مالیت کے 30کلو گرام ہیروئین کی برآمدگی کے کیس میں اہم پیش رفت کے بطور جموں وکشمیر اور پنجاب پولیس نے ایک منشیات سمگلر کو تقریباً5کروڑ روپے نقدی ،38جعلی نمبر پلیٹوں سمیت گرفتار کرلیا جبکہ اسکی تحویل سے ایک ریوالور بھی برآمد کیا گیا ۔منشیات سمگلروں کے بین ریاستی نیٹ ورک کو ایک بڑا دھچکا لگاتے ہوئے، جموں و کشمیر پولیس اور پنجاب پولیس نے پنجاب کے علاقے ملاں پورڈکھا سے مذکورہ سمگلر کو حراست میں لیا۔حکام نے بتایاکہ گرفتاری کے وقت منشیات سمگلر کی تحویل سے 38جعلی گاڑیوں کی نمبر پلیٹ،4کروڑ94لاکھ روپے نقدرقم ضبطی کی گئی اور اسکے علاوہ گرفتار شخص سے ریوالور بھی برآمد کیا گیا ۔حکام نے بتایاکہ حال ہی میں سری نگرجموں شاہراہ پر کروڑوں روپے مالیت کے 30کلو گرام ہیروئین کی برآمدگی کے معاملے میں گرفتار شخص اہم ملزموں میں سے ایک ہے۔ انہوںنے بتایاکہ منشیات سمگلروں کے درپردہ روابط کے بارے میںتحقیقات جاری ہے۔یادرہے یکم اکتوبر2023 کو رام بن میں ایک گاڑی سے کروڑوں روپے مالیت کی30کلو گرام ہیروئن کیساتھ2 منشیات اسمگلروں کو گرفتار کیا گیاتھا اور یہ برآمدگی سری نگر جموں قومی شاہراہ پر پنجاب جانے والی ایک گاڑی سے کی گئی تھی۔