ایم ایم پرویز
رام بن//رام بن پولیس نے 18ڈرائیوروں کو گرفتار کیا اور اتنی ہی تعداد میں گاڑیاں ضبط کیں اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے رام بن ضلع سے گزرنے والی جموں سری نگر قومی شاہراہ پر گزشتہ چند دنوں کے دوران 345 مویشیوںکو بچایا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ رام بن پولیس نے مویشی سمگلنگ کی 18کوششوں کو ناکام بنایا، 18ایف آئی آر درج کیں، 18مویشی سمگلروں کو گرفتار کیا، 345 مویشیوں کوبچایا اور 18گاڑیاں ضبط کیں۔انہوں نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن چندر کوٹ کی پولیس ٹیم نے گاڑیوں کی چیکنگ ڈیوٹی کے دوران دو گاڑیوں کو روکا، چیکنگ کے دوران ان دونوں گاڑیوں میں 26 مویشی نتہائی ظالمانہ طریقے سے لدے ہوئے پائے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ایک اور واقعہ میں پولیس سٹیشن رامسو کی پولیس ٹیم نے چار گاڑیوں کو روکا اور چیکنگ کے دوران گاڑیوں کے اندر سے 65مویشی بھرے ہوئے پائے گئے۔پولیس نے بتایا کہ چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ایک اور واقعہ میں تھانہ بانہال کی پولیس پارٹی نے دوران گشت 12گاڑیوں کو روکا اور چیکنگ کے دوران ان گاڑیوں کے اندر سے 254مویشی پائے گئے۔پولیس نے بتایا کہ 12افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن چندر کوٹ میں دو ایف آئی آر درج کی گئیں، پولیس اسٹیشن رامسو میں چار ایف آئی آر درج کی گئیں اور قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن بانہال میں 12ایف آئی آر درج کی گئیں۔