نیوز ڈیسک
رام بن// اپنی پارٹی نائب صدر اور سابقہ وزیر اعجاز احمد خان نے انتظامیہ پرزور دیا ہے کہ ضلع رام بن میں زیر تعمیر ترقیاتی پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایاجائے۔ موصولہ پریس بیان کے مطابق بلاک سنگلدان کے ڈلواہ علاقہ میں ورکروں کی ایک میٹنگ کے دوران اعجاز احمد خان نے عوامی مسائل پر تفصیلی غوروخوض کیا جس میں پارٹی ورکروں اور لیڈران نے عوامی مسائل وترقیاتی امور پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ اپنے خطاب میں اعجاز احمد خان نے کہاکہ نبارڈ کے تحت راما کنڈ براستہ نارسنگا سڑک سال 2018میں منظور کی گئی تھی جس کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیاجانا چاہئے تھا، اسی طرح سال 2014کو ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ میں جو رابطہ سڑک منظور ہوئی، وہ ہنوز زیر تکمیل ہے۔ ریلوے کی تعمیر کے لئے جن لوگوں کی اراضی حاصل کی گئی تھی، اُن کو ہوئے معاوضہ کے معاملات ابھی تک حل نہ کئے گئے ہیں۔ بیشتر معاملات میں ابھی معاوضہ ادا نہ کیاگیا۔ انہوں نے سب ڈویژن گول خاص کر تتا پانی ودیگر علاقہ جات میں سیاحتی شعبہ کی ترقی پر خصوصی توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ گول علاقہ میں ٹی آر سی عمارت کو مکمل ہوئے عرصہ ہوگیا ہے لیکن اِس کو استعمال میں نہیں لایاجارہا جس کو فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ڈگن ٹاپ میں وی آئی پی سیاحتی سپاٹس کی تعمیرکا مشورہ دیااور کہاکہ اِس جگہ کو ملکی سطح کے سیاحتی نقشہ پر لایاجانا چاہئے۔ موصوف نے کہاکہ غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی اور پانی کی عدم سپلائی سے بھی معمولات ِ زندگی متاثر ہوئی ہے۔انہوں نے بتایاکہ بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے کئی علاقہ جات میں پانی کی بھی بحرانی صورتحال ہے۔اعجاز احمد خان نے ضلع رام بن کے ہائر اسکینڈری اسکولوں میں خالی پڑی آسامیاں پُر کرنے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ اپنی پارٹی صدر نے جموں وکشمیر میں جلد سے جلد انتخابات منعقد کر کے جمہوری اداروں کو بحال کرنے پرزور دیتے ہوئے کہاکہ منتخب حکومت نہ ہونے سے لوگ گوناگوں مسائل سے دو چار ہیں اور لوگوں کی مشکلات میں کمی لانے کا واحد حل منتخب حکومت ہے۔موصوف نے سرکاری محکمہ جات کے اندر جوابدہی کی ضرورت پربھی زور دیا ہے۔