زاہد بشیر
تتہ پانی (گول)//جموںو کشمیر کے خطہ چناب کا مشہور گرم پانی کا قدرتی چشمہ تتہ پانی جو شفا پانی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ۔ ضلع صدر مقام رام بن سے صرف 42کلو میٹر دور اور سنگلدان ریلوے اسٹیشن سے صرف6کلو میٹر دور پہاڑوں کے دامن میں اس نایاب چشمے پر جہاں جموںو کشمیر کے کونے کونے سے لوگ شفا پانے کے لئے آتے ہیں وہیں یہ چشمہ انتظامیہ کی جانب سے عدم توجہی کا بھی شکار بنا ہوا ہے ۔ صدیوںسے رواں دواں باسری نالے کے اس چشمے کو سیاحت کے نام سے بھی متعارف کرایا گیا ہے ۔ ماہ اگست (بھادور )کے شروعات میں اس کا سیزن جوبن پر ہوتا ہے اوراب کچھ ہی دن بچے ہیں یہاں پر سیزن لگنے والا ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے کچھ خاص انتظام دیکھنے کو نہیں مل رہے ہیں ۔ کچھ مقامی لوگوں کی جانب سے یہاں پر ٹین کے چھ فٹ کے شیڈ بنائے گئے افسوس کا مقام ہے کہ ان کا کرایہ کسی فائیو سٹار ہوٹل سے کم نہیں ہے منہ مانگے دام یہاں پر لگے ہوئے ہیں، گرم چشمے کے آس پاس پینے کے پانی کی عدم دستیابی بھی دیکھنے کو ملی ہے وہیں مختلف مقامات پر گندگی کے ڈھیر وں کی وجہ سے بدبُو کے مرغولے اٹھتے ہیں جس کی وجہ سے یہاں پر چلنا بھی دشوار بن چکا ہے ۔سنگلدان سے تتا پانی تک چھ کلو میٹر سڑک عوام کے لئے وبال جان بن چکی ہے اس سڑک کو دو لائن والا ہونا چاہئے لیکن صرف ایک لائن والی اس سڑک کی حالت نا گفتہ بہہ ہے اور لوگ اس سڑک پر چلنے سے بھی کتراتے ہیں ۔تتا پانی کے ارد گرد کچھ سٹریٹ لائٹیں بھی نصب کی گئی ہیں جو سالوں سے خراب پڑی ہوئی ہیں ،وہیںیہاں پر تعمیرات عامہ نے کچھ سرائے بھی تعمیر تو کرائی لیکن ان کی تعمیرات کو ادھورا چھوڑا گیا اور آج یہ سرائے نا قابل استعمال بن چکی ہیں وہیں دوسرے کوارٹر وں کو بھی انتظامیہ نے نا قابل استعمال قرار دیا ۔یہاں پر آنے والے وادیٔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کشمیر سے اب کی بار یہاں پر زیادہ لوگ آئیں گے لیکن یہاں پر انتظامیہ کی جانب سے کوئی انتظامات دیکھنے کو نہیں مل رہے ہیں ، رہنے کے لئے جگہ نہیں ہے ، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر پڑے ہوئے ہیں ، بیت الخلاء تو ہیں لیکن وہ خراب ہیں جس وجہ سے لوگ راستوں میں ہی رفائے حاجت کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے بھی یہاں لوگ پریشان ہیں ۔ یہاں پردور ایک چشمہ ہے جہاں لوگ پینے کے پانی کے لئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سنگلدان تک ریل آنے کی وجہ سے بالخصوص وادیٔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے لئے یہاں آنا جانا آسان بنا ہوا ہے لیکن یہاں پر جس طرح کے انتظامات ہیں اس سے یہاں پر کوئی آنے کے لئے تیار نہیں ہو گا ۔ وہیں گاندھری رام بن کے ایک شہری نے کہا کہ اگر چہ وہ پہلی مرتبہ یہاں پر آیا اور اُس نے کافی مرتبہ اس چشمے کے بارے میں سنا کہ یہاں پر نہانے سے ری کی بیماری ، جوڑوں کی بیماری ، معدے کی بیماری و دیگر بیماریاں دور ہوتی ہیں لیکن سرکار کی جانب سے کوئی سہولیات دیکھنے کو نہیں مل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموںو کشمیر کا یہ ایک نایاب سرمایہ ہے اس کے لئے سرکار کو دن رات کام کرنا چاہیے مقامی نمائندوں نے بھی اس نایاب چشمے کو نظر انداز کر کے رکھا ہے ۔ اگر چہ تتا پانی ٹرسٹ کو ہر سال لاکھوں کی بولی لگتی ہے لیکن ٹرسٹ کی جانب سے بھی یہاں پر کوئی سہولیات دیکھنے کو نہیں مل رہی ہے ۔ اس سارے پس منظر میں کشمیر عظمیٰ کے تتا پانی ٹرسٹ کے چیر مین تحصیلدار گول ہرجیت سنگھ سے بات کی تو انہوں نے کئی باتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ واقعی یہاں پر اس طرح کے مسائل ہیں جن کو نمٹنے کے لئے ہم کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سنگلدان سے تتا پانی سڑک کی حالت کو لے کر انہوں نے پی ایم جی ایس وائی کے ساتھ بات کی ہے اور جلد اس کو قابل آمد و رفت بنایا جائے گا ۔ موصوف نے کہا کہ محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے یہاں پر ایک سرائے اور کچھ کوارٹر کافی عرصہ قبل بنائے گئے ہیں جو نا قابل استعمال ہیں اور ان میں رہنا خطرے سے خالی نہیں ہیں ۔ چیر مین نے کہا کہ انہوں نے خود حال ہی میں تتا پانی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پینے کے پانی کے کنکشن ، صفائی کے لئے مزید کرمچاریوں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے اور بیت الخلائوں کی مرمت کے لئے بھی انہوں نے کمیٹیکے ساتھ بات کی ہے ۔تحصیلدار نے کہا کہ وہاں پر آٹھ ڈسٹ بن لگائے گئے ہیں اور مزید لگانے باقی ہیں تا کہ یہاں پر زیادہ سے زیادہ صفائی کا خیال رکھا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے یہ مشہور اور نایاب چشمہ ہے واقعی اس طرح کی سہولیات یہاں پر نہیں ہیں اور ہم لگے ہیں کہ یہاں پر آنے والے زائرین کے لئے بہتر سہولیات میسر ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے یہاں پر نا جائز تجاوزات کئے ہیں اور ان کو نوٹس بھی دیا گیا تھا لیکن اب سیزن آنے والا ہے نا ہی اتنی جلدی میں یہ شیڈ اُٹھیں گے اور نا ہی نیا انتظام ہو سکے گا ، انہوں نے کہا کہ جو بھی یہاں پر نا جائز کرایہ زائرین سے لے گا اُس کے خلاف سخت سی سخت اقدامات اُٹھایا جائے گا اور کچھ لوگوں کے پاس صرف ایک شیڈ ہے اور کچھ کے پاس زیادہ اس کے لئے وہ جلد تتا پانی کا دورہ کریں گے تمام لوگوں کے ساتھ انصاف کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ یہاں پر ٹور ازم گیسٹ ہائوس کے زائرین وہاں پر مفت میں رہ سکتے ہیں اور ٹرسٹ کی جانب سے بھی کچھ کمرے تعمیر کئے گئے ہیں اُ س کی بولی لگی ہے اور وہاں پر زائرین مناسب کرایہ پر بھی رہ سکتے ہیں ۔چیر مین نے کہا کہ ٹرین چلنے سے ہمیں اُمید ہے کہ امسال زیادہ زائرین آئیں گے جس کے لئے ہم انتظامات کر رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ لوگوںکی حفاظت اور اُن کو محفوظ بنانے کے لئے ہم نے کچھ سی سی ٹی وی بھی نصب کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سائن بورڈ بھی بنائے ہیں سنگلدان سے تتا پانی تک ہم یہ بورڈ لگائے ہیں اور تتا پانی پر بھی سائن بورڈ لگائے ہیں جن پر گندگی نا پھیلنے کی عبارت وغیرہ لکھی گئی ہے اور یہاں پربیٹھنے کے لئے بینچ بھی لگائے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ یہاں پر جس طرح کی سہولیات ہونی چاہئے وہ نہیں ہے اگر یہاں پر ایک ہوسٹل بنا ہوا ہوتا تو اس طرح کی مسائب کا سامنا نہ کرنا پڑتا اور اس سلسلے میں ضلع ترقیاتی کمشنر کو ہم لکھیں گے۔