نیوز ڈیسک
بانہال//جموں و کشمیر کے رام بن ضلع کے سنگلدان علاقے سے ایک 25سالہ دلہن منگل کو شادی کی تقریب کے دوران لاپتہ ہونے کے چند گھنٹوں بعد برآمد کر لی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق جموں کا رہنے والا دولہا دلہن کے ساتھ سنگلدان سے گھر واپس آرہا تھا کہ دلہن بس اسٹینڈ رام بن سے لاپتہ ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق دلہن دولہا اور دیگر تمام باراتیوں کو وہیں چھوڑ کر رام بن کے ایک بیوٹی پارلر میں میک اپ کرنے کے بہانے گئی، لیکن واپس نہیں آئی۔ دولہا اور دیگر باراتیوں نے طویل انتظار کے بعد پولیس تھانہ رام بن پہنچ کر گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔
بعد ازاں دلہن کو رام بن پولیس نے کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے علاقے ویریناگ سے برآمد کیا۔ ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر رام بن پردیپ سین نے بتایا کہ دلہن کو اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔