رام بن //وزیر جنگلات و ماحولیات چودھری لعل سنگھ نے ضلع رام بن کا دورہ کرکے رام بن ، بانہال اور ناشری علاقہ میں شاہراہ کو چار لین بنانے کے کام کا معائنہ کیا ۔انہوں نے ضلع میں محکمہ جنگلات کے افسروں کی ایک میٹنگ سے خطاب کیا اور رام بن میں بی جے پی کے ضلع دفتر اور پتنی ٹاپ میں ایک فارسٹ ہٹ کا سنگ بنیاد ڈالا ۔وزیر کے ہمراہ ایم ایل اے نیلم کمار لنگہے،پرنسپل چیف کنسرویٹر فارسٹس روی کمار کیسو، ضلع ترقیاتی کمشنر طارق حُسین گنائی ،ایس ایس پی موہن لعل، چیف کنسرویٹر جموں جیلانی، کنسرویٹر چناب سرکل ڈوڈہ ٹی بی سنگھ،اور محکمہ جنگلات کے دیگر ایچ او ڈئیز بھی تھے۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے گھنے جنگلات کو بحال کرنے کی تلقین کی۔انہوں نے ڈی ایف او بٹوت کو جنگلاتی علاقہ میں فٹ پاتھ تعمیر کرنے کی ہدایت دی تاکہ کوئی بھی جنگلات کو نقصان نہ پہنچاسکے۔انہوں نے مختلف ڈویژنوں کی کام کا جائزہ لیا اور ایندھن و تعمیراتی لکڑی کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے جنگلوں سے غیر قانونی طور لکٹری کٹنے پر روک لگانے کی ہدایت دی۔وزیر نے ڈی ایف او رام بن اور بٹوت کو خصوصی شجر کاری مہم شروع کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر جنگلات نے گویند پورہ میترا ،رام بن میں مقامی لوگوں کی موجودگی میں بی جے پی آفس کی تعمیر کا سنگ بنیاد ڈالا ۔ ایم ایل اے رام بن نے بھومی پوجن انجام دینے کے بعد لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کی۔انہوں نے ماحول کو صاف و پاک رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔