بانہال//رام بن اور بانہال کے درمیان جموں سرینگر فورلین شاہراہ کو مزید محفوظ بنانے کیلئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا نے تین نئے ڈبل لین ٹنلوں کی تعمیر کو منظوری دی ہے۔ ان میں سے رامسو کے مقام پر ایک ٹنل کیلئے بنیادی کام شروع کیا گیا ہے ۔ اس سیکٹر ہائی وے تھارٹی نے پہلے ہی تقریبا ً ساڑھے تین کلومیٹر کی لمبائی والے پانچ یکطرفہ ٹنلوں کا کام شروع کر رکھا ہے اور ان میں سے دو مکمل کئے گئے لیکن اب دونوں طرف سے ٹریفک کیلئے تین بڑی ٹنلوں کا اعلان کیا گیا ہے۔یہ تین بڑے ٹنل ماروگ اور وگن شیر بی بی کے درمیان تعمیر کئے جارہے ہیں اور ان کی لمبائی کم و بیش 16 کلومیٹر ہوگی جو رام بن اور بانہال سیکٹر میں سڑک حادثات کیلئے سب سے خطرناک مقامات کو محفوظ بنائیں گے۔پروجیکٹ ڈائریکٹرپرشوتم کمار نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رام بن بانہال سیکٹر میں ٹنل پروجیکٹ کے تین پیکیجوں کو منظوری مل گئی ہے اور ٹینڈر بھی نکالے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تین میں سے رامسو اور وگن کے درمیان قریب ساڑھے چھ کلومیٹر لمبی ایک ٹنل کا بنیادی کام شروع کیا گیا ہے جس میں ڈرلنگ اور جیوگرافیکل جانکاری وغیرہ کا کام شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماروگ سے ڈگڈول کے درمیان 4.2 کلومیٹر ٹنل پر کوئی زمینی تنازعہ ہے جبکہ ڈگڈول سے مکرکوٹ تک 6 کلومیٹر اور تین کلومیٹر پر مشتمل دو ٹنلوں کی ٹینڈرنگ کا عمل چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے تعمیرکی گئی ٹنلوں کو ان نئے ٹنلوں سے جوڑا جائے گا جبکہ موجودہ شاہراہ کو ایندھن سے لدھے ٹینکروں کیلئے مخصوص رکھا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ نئے ٹنلوں کی تعمیر میں مزید تین برسوں کا عرصہ درکار ہوگا اور یوں2024 تک رام بن بانہال سیکٹر میں ان ٹنل پروجیکٹوں کو مکمل کرنے کی امید ہے ۔