محمد تسکین +اشتیاق ملک+عاصف بٹ+زاہد بشیر
جموں//خطہ چناب کے تینوں اضلاع اور جموں میں بھی عید میلاد النبی ؐ عقیدت و احترام سے منائی گئی جس دوران جلوس میلاد ؐ برآمد ہوئے جبکہ علماء نے اپنی تقاریر میں سیرت نبویؐ کے اہم گوشے اجاگر کئے۔
رام بن
عید میلاد النبی ؐکی تقریبات کے سلسلے میں میونسپل پارک بانہال میں سب ڈویژن بانہال کی سب سے بڑی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ کئی علاقوں سے لوگ دور و سلام پیش کرتے ہوئے جلوسوں کی صورت میں بانہال قصبہ پہنچے اور پارک میں جمع ہوگئے ۔س موقع پر پرچم اسلام کو لہرایا گیا اورسلامی پیش کی گئی۔ اس موقع پر اللہ کی بڑائی کے نعرے بلند کئے گئے اور محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور درود و سلام اور نعت پیش کئے گئے۔ رضاکاروں نے شرکا کیلئے شربت ، فرینی ، حلوہ اور پھل میسر رکھے تھے ۔بدھ کی شام مرکزی جامع مسجد میترا سیری جدید اور اولڈجامع مسجد رام بن، چندر کوٹ، بٹوت اور دیگر مقامات پر عید میلادؐ کی خصوصی تقریبات کا آغاز ہوا۔سب سے بڑا جلوس چندر کوٹ اور بٹوت قصبہ میں نکالا گیا جہاں سیکڑوں افراد نے اسلام اور پیغمبر اسلامؐکے حق میں نعرے لگائے ۔قبل ازیں جمعرات کو جامع مسجد میترا اور سیری سے نکالے گئے جلوس میں شامل ہوئے جو مختلف بازاروں سے ہوتے ہوئے واپس جامع مسجد میترا پہنچا۔سب ڈویژن گول میں بھی جہاں مختلف مقامات پر عاشقان رسول ؐنے جلوس نکالے وہیںبارہ ربیع الاول کے موقعہ پر علماء کرام نے سیرت مصطفی ﷺ پر مفصل بیان کیا ۔بارہ ربیع اولال کے موقعہ پر سب ڈویژن گول کے مخلف مقامات پر جلوس برآمد ہوئے جہاںر اللہ اکبر کی صدائیں گونجھ رہی تھیں ۔
ڈوڈہ
عید میلاد النبی ؐکی مناسبت سے جہاں ڈوڈہ ضلع کے بیشتر مقامات پر پرامن جلوس نکالے گئے وہیں مساجد میں ذکر او اذکار کی مجالس کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ نماز جمعہ کے موقع پر علماء و خطیبوں نے سیرت طیبہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس پرفتن دور میں سماجی برائیوں کا خاتمہ حضور علیہ السلام کے بتائے ہوئے طریقوں سے ہی ممکن ہے۔ضلع میں سب سے بڑا جلوس بھدرواہ میں نکالا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور اسلام کے حق میں نعرے بلند کئے۔ مدرسہ جامعہ غنیہ العلوم میں نعت خوانی کا اہتمام کیا گیا جبکہ انجمن اسلامیہ نیلی نے مرکزی جامع مسجد چنگا میں ایک سیرت النبی ؐکے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا۔ ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کی مساجد میں بھی عید میلاد کے موقع پر ذکر واذکار کی مجالس کا انعقاد کیا گیا جس میں عالم اسلام کی سر بلندی و ملک و ریاست میں امن و اماں کی فضاء قائم رہنے کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔
کشتواڑ
ضلع کشتواڑ میں میلادالنبیؐ کی سب سے بڑی تقریب قصبہ کشتواڑ میںہوئی جہاں مختلف مساجد و مذہبی اداروں سے لوگوں و طلبہ نے جلوس میں شمولیت کی اور مرکزی جامعہ مسجد سے جلوس برآمد ہوا جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ یہ جلوس ہسپتال چوک کورٹ کمپلیکس شہیری چوک سے ہوتے ہوے دربار اسرار یہ پہنچا جہاں فاتحہ خوانی کی گئی جسکے بعد جلوس پارک فریدیہ چوک سے ہوتے ہوئے دربار فریدیہ پہنچا جہاں اسلامی پرچم کوسلامی دی گئی اور دعاکی گئی۔ مرکزی جامعہ مسجد کشتواڑ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور علما ئے کرام نے نبی کریمؐ کی زندگی پر روشنی ڈالی اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی زندگی کو آنحضور ؐ کے بتائے ہوئے راستے و سنتوں پرچلائیں۔قصبہ و گردنواح کی مساجد کو سجایا گیا تھا۔دن بھر مختلف پروگرام منعقد ہوئے جبکہ بچوں نے بھی نعت خوانی کی جسکے بعد ہجوم پرامن طورمنتشر ہوا۔