کپوارہ//کپوارہ کے رامحال علاقہ میں قائم پیر مقبول میموریل پرائمری ہیلتھ سنٹر ویلگام میں طبی سہولیات کا اس قدر فقدان ہے کہ مریض ضلع کے دوسرے اسپتالو ں کا رخ کر نے پر مجبور ہیں ۔رامحال کے دور دراز علاقوں کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ علاقہ رامحال میں لوگو ں کی بڑھتی آ بادی کے پیش نظر ویلگام میں پیر محمد مقبول ممیورئل پرائمری ہیلتھ سنٹر قائم کیا گیا تھاتاکہ یہاں کے مریضوں کو طبی سہولیات میسر ہو سکیں ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کئی سال تک اس اسپتال میں بہتر سہولیات میسر ہونے کے سبب مریضوں کی بھاری بھیڑ ہوتی تھی لیکن اب اسپتال آ ہستہ آ ہستہ تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اب ہر روز اس اسپتال میں محض 5سے6بیمار علاج و معالجہ کی غرض سے آ تے ہیںاور آ ئے روز اس اسپتال کی حالت بد سے بد تر ہوتی جارہی ہے جس پر مقامی لوگو ں میں کا فی ناراضگی ہے۔مقامی لوگو ں نے الزام لگایا کہ اسپتال میں موجود بیماریوں کی تشخیص کے لئے جو مشینریا ں موجود تھیں جن میں ایکسرے مشین قابل ذکر ہے، آتشزدگی کی ایک پُراسرار واردات میں خاکستر ہوگئی ۔مقامی لوگو ں نے بتا یا کہ پولیس نے واقعہ کی نسبت ایک کیس بھی درج کر کے تحقیقات شروع کی لیکن آج تک پولیس لوگو ں کے سامنے حقیقت لانے میں ناکام ہے اور اسپتال عمارت اب محض دو کمروں پر مشتمل ہے جہا ں مریضوں کا علاج و معالجہ کیا جاتا ہے ۔رامحال کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ۔لوگو ں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور ویلگام اسپتال کی طرف توجہ مبذول کرکے اس ہیلتھ سنٹر کو ایک ماڈل اسپتال کا درجہ دیں۔