سرینگر//مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ 7جون کو وادی کے دوروزہ دورہ پر آرہے ہیں جس کے دوران وہ ریاست کی مجموعی صورتحال کے علاوہ امر ناتھ یاترا سمیت یک طرفہ جنگ بندی کا بھی از سر نو جائزہ لیں گے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مر کزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ دورہ وادی کے دوران ریاست کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے علاوہ سیکورٹی اداروں کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کریں گے ۔معلوم ہوا ہے کہ مر کزی وزیر داخلہ فوج اور پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ یک طرفہ جنگ بندی کے حوالے سے بات چیت کریں گے جسکے دوران فوج اور پولیس سر براہاں وزیر داخلہ کو جنگ بندی کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کریںگے۔معلوم ہوا ہے کہ ہندو پاک افواج کے ڈی جی ایم اوز کی ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیاہے کہ سرحدوں پر سیز فائر معائدے کی عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا اور اگر سرحدوں پر امن عمل جاری رہا تو مر کزی سرکار جلد ہی ریاست جموں کشمیر میں بات چیت کے عمل کو وسعت دے گی جس کے دوران حریت لیڈران کے ساتھ مذاکرات میں بھی پہل کی جائے گی ۔راجناتھ سنگھ کے اس دورہ کے دوران سب کی نظریں ریاست میں جاری جنگ بندی پر ہوگی۔ وزارت داخلہ نے اس جنگ بندی کو عید کے بعد آگے بھی جاری رکھنے کے امکانات کو خارج نہیں کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ راجناتھ سنگھ سری نگر میں ریاستی حکومت، خفیہ بیورو، فوجی افسران، اور ریاستی پولیس کے سینئر افسران کے ساتھ حالات کا جائزہ لینے کے بعد اس پر فیصلہ کریں گے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں مر کزی وزیر داخلہ اور دفاع نے کشمیر کی صورتحال کے بارے میں سیر حاصل تبادلہ خیال کیا جس کے دوران مر کز کی جانب سے ریاست میں یک طرفہ جنگ بندی مو ضوع بھی زیر بحث آیا اور اس دوران دو نوں اہم لیڈران میں ریاست میں یک طرفہ جنگ بندی میں تو سیع کی بات بھی زیر غور آئی ۔محکمہ داخلہ کے زرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے دورہ جموں کشمیر سیء پہلے وزیر دفاع سے ان کی رائے جاننے کی کوشش کی اور وہ اپنے دورہ سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی یک طرفہ جنگ بندی میں توسیع کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے ۔
وزیرداخلہ کا جموں پروگرام
سرحدی متاثرین سے تبادلہ خیال ہوگا
امرناتھ یاترا انتظامات کا جائزہ لینگے
یوگیش سگوترہ
جموں//مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ مجوزہ دورہ ریاست کے دوران جموں کے سرحدی دیہات میں حالیہ سیزفائرخلاف ورزیوں سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ بات چیت کرنے کے ساتھ ساتھ آئندہ امرناتھ یاترا کے سیکورٹی انتظامات کی صورتحال کابھی تفصیلی جائزہ لیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ کشمیرکے بعد8جون کوخصوصی طیارے کے ذریعے 11 بجے جموں پہنچیں گے۔معتبرذرائع کاکہناہے کہ وزیرداخلہ دیگر وی آئیپی شخصیات کے ہمراہ شیرکشمیریونیورسٹی آف ایگرکلچرل سائنسز اینڈٹیکنالوجی جموں (سکاسٹ۔جے) جائیں گے اور سرحدی دیہات کے گولہ باری متاثرہ لوگوں کے ساتھ ان کے مسائل پرتبادلہ خیال کریں گے۔وزیرداخلہ ،چکروئی فارم کادورہ کریں گے جوکہ ایک بارڈرمائیگرنٹ ریلیف کیمپ ہے اوردیگرقریبی علاقوں میں سرحدکاجائزہ لیں گے ۔اس موقعہ پر وزیرداخلہ سرحدی گولہ باری سے متاثرہ لوگوں کےلئے بنکروں کی تعمیر سمیت مختلف بارڈرڈیولپمنٹ پروگراموں کاجائزہ لیں گے ۔لگ بھگ دوبجے وزیرداخلہ سنٹرل ریزروپولیس فورس (سی آرپی ایف)یونٹ گنگوال کادورہ کرکے امرناتھ یاتراجو28جون سے شروع ہورہی ہے سے متعلق سیکورٹی صورتحال کاجائزہ لیں گے ۔3 بجے کے بعدوزیرداخلہ ہوٹل ہری نواس میں جموں کے لوگوں کے مختلف وفودسے ملاقات کریں گے اوررات کویہیں قیام کریں گے۔ذرائع نے بتایاکہ وزیرداخلہ راج ناتھ کی دہلی واپسی 9جون کی صبح کومتوقع ہے۔