سمت بھارگو+محمد بشارت
راجوری//جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کی کوٹرنکہ سب ڈویژن کے بڈھال گاؤں میں پراسرار بیماری کے ایک نئے واقعے میں پانچ سالہ بچی جاں بحق ہو گئی جبکہ اس کے پانچ بہن بھائی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔یہ پراسرار بیماری کا بڈھال گاؤں میں تیسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل دسمبر کے دوسرے ہفتے میں دو خاندانوں کے نو افراد، جن میں ایک والد اور اس کے چار بچے، اور ایک والدہ اور اس کے تین بچے شامل تھے، اسی بیماری کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔یہ چھ بہن بھائی محمد اسلم کے بچے ہیں جو بڈھال کے رہائشی ہیں۔ ان کا قریبی تعلق فضل حسین کے خاندان سے ہے، جو 8 دسمبر کو اپنے چار بچوں سمیت پراسرار بیماری کے باعث جاں بحق ہو گئے تھے۔محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات، تین بہن بھائیوں (دو بہنیں اور ایک بھائی) کو بخار، الٹی، اور جزوی بے ہوشی جیسی علامات کا سامنا ہوا۔ انہیں فوری طور پر سی ایچ سی کانڈی منتقل کیا گیا۔حکام نے بتایا’انہیں جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری ریفر کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے علاج فراہم کیا۔ دو بہن بھائیوں کو جی ایم سی جموں کے ایس ایم جی ایس اسپتال ریفر کیا گیا۔جموں ہسپتال میں علاج کے دوران آٹھ سالہ نبیہ کوثر انتقال کر گئیں۔ ان کی میت ضروری طبی و قانونی کارروائی کے لئے آئسولیشن میں منتقل کر دی گئی ہے۔دریں اثنا، متوفیہ کے تین بہن بھائی ایس ایم جی ایس ہسپتال شالیمار جموں میں زیر علاج ہیں، جبکہ دو کو جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر راجوری ابھشیک شرما نے کہا کہ بدقسمتی سے ایک کمسن بچی کی موت واقع ہوئی جبکہ اس کے پانچ بہن بھائی زیر علاج ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بڈھال گاؤں کی صورتحال کا جائزہ لینے اور فوری امداد فراہم کرنے کے لئے ڈی سی راجوری، ڈی آئی جی راجوری-پونچھ تیجندر سنگھ، اور ایس ایس پی گورو سکاروار نے گاؤں کا دورہ کیا ۔ضلعی انتظامیہ نے فوری طبی امداد کیلئے ایمبولینسز، صحت کی ٹیموں، اور آشا ورکرز کو تعینات کر دیا ہے۔ دیگر محکموں کو بھی عوام کے ساتھ تعاون اور ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لئے فعال کر دیا گیا ہے۔متاثرہ مریضوں سے نمونے حاصل کر لئے گئے ہیں اور بیماری کی وجوہات معلوم کرنے کے لئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ انتظامیہ صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور تحقیقات کے نتائج کے مطابق اقدامات کرے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھبرانے کے بجائے حکام کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مقامی افراد سے ملاقات کی اور ان کے فوری مسائل کو سمجھنے کی کوشش کی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے درمیان مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ایس ایس پی گورو سکاروار نے عوام کو سیکورٹی اقدامات کے حوالے سے یقین دلایا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کا وعدہ کیا۔ضلعی انتظامیہ بدھال کے مکینوںکی صحت، حفاظت، اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوامی خدشات کو دور کیا جا سکے اور جامع مدد فراہم کی جا سکے۔