عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری کے پلما چرہان گاؤں میں پیش آنے والے کار حادثے میں ایک سولہ سالہ نوجوان کی موت ہو گئی جبکہ اس کے خاندان کے چار افراد زخمی ہو گئے۔حکام نے بتایا کہ حادثہ جمعہ کی صبح اس وقت پیش آیا جب راجوری کوٹرنکہ روڈ پر ایک کارزیر نمبر JK11 4908 چل رہی تھی اور اسے رومیش چندر ولد دیا رام سکنہ جمولا راجوری چلا رہا تھا، پلما چرہان کے قریب ایک موڑ پر سڑک کے کنارے کھائی میں جا گری۔پولیس حکام نے بتایا کہ حادثے میں ڈرائیور رومیش چندر اور اس کے کنبہ کے دیگر چار افراد زخمی ہوگئے جنہیں گھر والوں نے جی ایم سی ایسوسی ایٹڈہسپتال راجوری لے جایا جہاں زخمی وویک شرما (16) ولد لیک راج سکنہ جمولا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ڈرائیور کے علاوہ، تین دیگر افراد جو زخمی ہوئے اور ہسپتال میں داخل ہیں، رومیش چندر (52) بیٹا دیا رام اور اس کی بیٹی رینو شرما (18) اور بیٹا راجیش شرما (15) شامل ہیں۔پولیس نے کہا کہ اس معاملے میں ضروری قانونی کارروائی کی گئی ہے۔