عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// ضلع لیگل سروسز اتھارٹی راجوری کی جانب سے نیشنل لیگل سروسز ڈے کے موقع پر ایک شاندار اور بامقصد تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بھارتی فوج اور ضلعی انتظامیہ نے بھرپور اشتراک کیا۔ یہ تقریب شری راجندر سپرو، چیئرمین ضلع لیگل سروسز اتھارٹی راجوری کی رہنمائی اور محترمہ شاما شرما، سب جج و سیکریٹری لیگل سروسز اتھارٹی راجوری کی زیرِ نگرانی منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ’ویمن دربار‘ کا اہتمام بوائز ہائر سیکنڈری اسکول تھنہ منڈی میں کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد خواتین میں قانونی شعور اجاگر کرنا، ان کے مسائل سننا اور ان کے حقوق سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔ تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر اے سی آر راجوری جہانگیر خان،شاما شرما (سب جج و سیکریٹری لیگل سروسز اتھارٹی راجوری)،جیوَتی کتاریا (ایڈیشنل اسپیشل موبائل مجسٹریٹ راجوری)، بھارتی سلاتھیا (کمانڈنٹ 61 آر آر تھنہ منڈی)، منوہر لال (چیف میڈیکل آفیسر راجوری)، عابد حسین شاہ (ایس ڈی ایم تھنہ منڈی)، شکیل منہاس (تحصیل سوشل ویلفیئر آفیسر تھنہ منڈی) کے علاوہ مختلف سرکاری محکموں کے افسران، آشا و آنگن واڑی ورکرز، ایلاے ڈی سی اور پی ایل وی اور مقامی عوام کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی۔ پروگرام کے دوران مختلف محکموں کے نمائندوں نے خواتین کو سرکاری اسکیموں، فلاحی پروگراموں اور قانونی حقوق سے متعلق مفصل جانکاری فراہم کی۔ اس موقع پر مستحق خواتین کو تحائف، شالیں اور تعریفی اسناد بھی پیش کی گئیں۔ شاما شرما نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کو اپنے قانونی حقوق سے آگاہ ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ سماج میں باعزت اور مضبوط کردار ادا کر سکیں۔ بھارتی سلاتھیا نے بھارتی فوج کی جانب سے خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے جاری اقدامات پر روشنی ڈالی، جب کہ عابد حسین شاہ (ایس ڈی ایم تھنہ منڈی) نے ضلع انتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ پروگرام کے اختتام پر چیف لیگل ایڈ ڈیفنس کاؤنسل راجوری راجیش شرما نے تمام مہمانانِ گرامی، ضلعی انتظامیہ، آرمی افسران، اور مقامی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بامقصد پروگرام عوامی بیداری اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوتے ہیں۔