سمت بھارگو
راجوری//راجوری کے چرہان گاؤں کے رہائشی ایک 32 سالہ نوجوان کو دن دہاڑے چاقو کے وار سے قتل کر دیا گیا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقتول کے اہل خانہ نے ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔مقتول کی شناخت نثار حسین (32) ولد محمد اقبال، رہائشی چرہان گاؤں، راجوری کے طور پر ہوئی ہے، جو راجوری-کوٹرنکہ روڈ پر ایک ایکو گاڑی چلا رہے تھے۔متاثرہ خاندان کے مطابق، بڈھی موڑ ریحان پر دو موٹر سائیکل سوار نوجوانوں نے نثار پر حملہ کیا اور بعد میں تیز دھار ہتھیار سے اسے زخمی کر دیا۔انہوں نے بتایاکہ ’’انہیں جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ اسپتال راجوری لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ دن دہاڑے مرکزی شاہراہ پر اس نوعیت کا وحشیانہ قتل پہلی بار ہوا ہے۔اہل خانہ نے کہاکہ ’’ایسا مجرمانہ واقعہ پہلے کبھی نہیں ہوا۔ ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے‘‘۔مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم اور طبی قانونی کارروائی کیلئے جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری منتقل کیا گیا۔خاندان نے خبردار کیا کہ اگر سخت کارروائی نہ کی گئی تو وہ احتجاج کریں گے، لیکن سینئر پولیس افسران، بشمول ایڈیشنل ایس پی راجوری، نے ہسپتال کا دورہ کر کے قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی ضروری تفتیش اور قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور ملزمان کی تلاش کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔