سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع کے سوم، بروہ دیہات کے جنگلاتی علاقے میں فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان جاری تصادم میں دو فوجی اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ ضلع میں جاری تلاشی مہم منگل مسلسل دوسرے روز بھی جاری رہی ۔تصادم پیر کی دیر شام شروع ہوا جب فورسز کی تلاشی ٹیم اور ملی ٹینٹوںکے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔غور طلب ہے کہ فورسز کی جانب سے انسداد دہشت گردی آپریشن پیر کی صبح علاقے میں مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع پر شروع کیا گیا تھا۔بروہ، سوم گاؤں راجوری ضلع کے اندرونی علاقے میں واقع ہیں اور ضلع کے کالاکوٹ پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ فوج، جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیموں نے پیر کی صبح علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دہشت گردوں کی موجودگی کے شبہ میں تلاشی شروع کی۔انہوں نے بتایا کہ پیر کو تلاشی کارروائی جاری رہی اور کچھ گولیاں بھی چلائی گئیں ۔حکام نے بتایا کہ پیر کی شام فورسز کی تلاشی ٹیموں پر جنگل کے اندر سے ملی ٹینٹوںنے فائرنگ کی جس پر جوابی کارروائی کی گئی اور اس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔پیر اور منگل کی درمیانی شب علاقے میں شدید گولی باری جاری رہی اور دو فوجی اہلکار بھی زخمی ہوئے ،جنہیں راجوری کے فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔منگل کو علاقے میں وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں جبکہ آپریشن کیلئے مزید کمک کو بھی روانہ کیاگیا جموں و کشمیر پولیس کے جموں زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل مکیش سنگھ بھی منگل کو جائے وقوعہ پر پہنچے اور آپریشن کی نگرانی کی۔ تصادم کے مقام کے علاوہ کئی کلومیٹر کے علاقے میںتلاشی جاری ہے جس کے ساتھ چار گاؤں اب آپریشن کی زد میں ہیں ۔