عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //فوج نے اپنے طبی نظام کو مزید مضبوط بناتے ہوئے 150جنرل ہسپتال، راجوری میں جدید ترین سی ٹی اسکین سینٹرقائم کیا ہے، جس کا افتتاح جی او سی وائٹ نائٹ کور، لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے ایک خصوصی تقریب میں کیا۔فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس جدید طبی سہولت کے قیام سے فوجی اہلکاروں، ان کے اہل خانہ اور سابق فوجیوں کو اعلیٰ معیار کی تشخیصی سہولیات دستیاب ہوں گی، جو صحت کے بہتر معیار اور بروقت علاج میں مددگار ثابت ہوں گی۔افتتاحی تقریب کے دوران لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے 150جنرل ہسپتال کی طبی ٹیم کی خدمات اور ان کی انتھک کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال نے جدید طبی ٹیکنالوجی اپنانے اور جنگی حالات میں بھی بہترین طبی امداد فراہم کرنے کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جدید سی ٹی اسکین مشین کی تنصیب فوجی ہسپتال کی تشخیصی صلاحیتوں میں انقلابی اضافہ کرے گی، جس سے نہ صرف علاج کے معیار میں بہتری آئے گی بلکہ پیچیدہ بیماریوں کی بروقت تشخیص بھی ممکن ہوگی۔فوج کے مطابق یہ اقدام بھارتی فوج کے اْس عزم کا حصہ ہے جس کے تحت فوجی اہلکاروں، سابق فوجیوں اور ان کے خاندانوں کی صحت اور فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔افتتاحی تقریب میں سینئر فوجی افسران، طبی عملے اور اسپتال کے دیگر ارکان نے شرکت کی اور اس جدید سہولت کے قیام کو فوجی طبی خدمات کے لئے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔