راجوری میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم رات بھر فائرنگ کا تبادلہ،ملی ٹینٹ ہلاک

سمت بھارگو

راجوری // راجوری ضلع میں جمعہ کی صبح سیکورٹی فورسز کے ساتھ مسلح تصادم میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملی ٹینٹ کی لاش ایک گھاٹی سے برآمد ہوئی ، جہاں اس نے فائرنگ کے تبادلے کے دوران پوزیشن سنبھالی تھی۔جموں خطے سے پچھلے تین دنوں میں یہ تیسرا واقعہ ہے۔پولیس نے بتایا کہ انتظامیہ نے احتیاطی اقدام کے طور پر علاقے کے تمام اسکولوں کو بند کردیا ہے۔انکانٹر کی جگہ راجوری شہر سے صرف چار کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور میونسپل کونسل راجوری کی حدود کے بعد پہلا گائوں ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ علاقے میں مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد سیکورٹی فورسز کی طرف سے شروع کئے گئے محاصرہ اور تلاشی آپریشن کے دوران انکانٹر شروع ہوا۔دفاعی ترجمان نے کہا کہ علاقے میں مشتبہ نقل و حرکت کی کچھ اطلاعات کے بعد، جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات دسل اور مہاری کے علاقے میں محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ۔جمعہ کی صبح کے اوقات میں فائرنگ شروع ہوئی ۔

 

 

 

انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا ، جس کے دوران ایک ملی ٹینٹ مارا گیا جس کی لاش صبح دیر گئے جائے وقوعہ سے برآمد کر لی گئی۔حکام کے مطابق مارے گئے ملی ٹینٹ کی شناخت نہیں ہوسکی تاہم اس کے قبضے سے ایک اے کے 56 رائفل، سات میگزین، ساٹھ اے کے رائونڈ، چار ہینڈ گرینیڈ، ایک بسکٹ، سگریٹ کے دو پیکٹ، ناریل کی کوکیز چودہ چابیاں، کچھ گولیاں، ایک لائٹر، تین انجیکشن سرنجیں، بارہ ڈیٹونیٹرز، ایک آئی ای ڈی سوئچ، تین دوائیوں کے پیک، ایک سویٹر، ایک لباس، دو کپڑوں کے ٹکڑے، ایک بیگ، ایک پائوچ اور کچھ کھانے کی اشیاء سمیت جنگی اسٹورز برآمد ہوئے ۔جی ایم سی راجوری کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے جائے وقوعہ پر طبی قانونی کارروائیاں اور لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جس کے بعد پولیس نے لاش کو جائے وقوعہ سے منتقل کیا ۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی)مکیش سنگھ نے کہا کہ ایک ملی ٹینٹ کو بے اثر کر دیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ ملی ٹینٹ کی لاش بازیاب کر کے اسے راجوری ہسپتال لیا گیا ۔مبینہ طور پر ملی ٹینٹ پاکستانی نژاد ہے۔دسل کیول کے “(سرپنچ” (کے مطابق، تصادم صبح 3 بجے کے قریب شروع ہوا۔غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق جب فائرنگ شروع ہوئی تو دو سے تین ملی ٹینٹ علاقے میں چھپے ہوئے تھے۔