سمت بھارگو
راجوری//حفاظتی فورسز راجوری کے متعدددیہات میںملیٹینٹ مخالف آپریشن بڑے پیمانے پرانجام دے رہے ہیں،تاکہ حالیہ ڈانگری حملے،جس میںایک خاص فرقے کے لوگوں کو نشانہ بنایاگیا، کے ملوثین کاکھوج لگایاجاسکے۔ سینئرپولیس حکام معہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیسجموں مکیش سنگھ ذاتی طور آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں۔ یہ آپریشن اتواراورپیر کی درمیانی رات کو شروع کیاگیا جب حملہ آورڈانگری گائوں میں اقلیتی فرقے کے مختلف مکانات میں داخل ہوئے اور چار افراد کو ہلاک اور چھ دیگر کوزخمی کیاجبکہ پیرصبح کودواور،کمسن بچے بارودی سرنگ کے دھماکے میںہلاک ہوئے اورنوزخمی ہوگئے۔ ملی ٹنٹ مخالف آپریشن علاقہ میں گزشتہ تین روز سے جاری ہے جس میں جموں کشمیر پولیس ،نیم فوجی دستے اور فوج کی ٹکڑیاں شامل ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق آپریشن بڑے پیمانے پرجاری ہے اورمزید کمک طلب کی جارہی ہے۔جموں کشمیر پولیس کے علاوہ نیم فوجی دستوں اورفوج کے اعلیٰ حکام آپریشن کی نگرانی کررہے ہیںاورحکام بالاکوپل پل کی خبرپہنچارہے ہے۔
اجوری اورپونچھ اضلاع میں 18اضافی فورسزکمپنیوں کی تعیناتی
راجوری/سمت بھارگو/راجوری اور پونچھ کے دواضلاع میں حفاظتی انتظامات کوسخت کیاجارہا ہے اور دونوں اضلاع میں نیم فوجی دستوںکی اضافی تعیناتی کیلئے سی آرپی ایف کے اعلیٰ حکام حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں ۔وزارت داخلہ راجوری کے ڈانگری گائوں میں حالیہ شہری ہلاکتوں کے بعد صورتحال کی کڑی نگرانی کررہی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق سی آر پی ایف کی اضافی18کمپنیاں دونوں اضلاع میں تعینات کی جارہی ہیں تاکہ ملی ٹینسی کامقابلہ کیا جائے اوراقلیتی طبقے کاتحفظ یقینی بنایاجائے۔اس دوران سی آر پی ایف کے اعلیٰ حکام آئی جی سی آرپی ایف سمیت راجوری میںخیمہ زن ہیںاورانہوں نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جہاں سی آر پی ایف کی اضافی کمپنیوں کو تعینات کیاجائے گا۔سی آرپی ایف حکام دیگرفورسزایجنسیوں کے ساتھ مل کربڑاحفاظتی منصوبہ ترتیب دے رہے ہیں تاکہ اضافی کمپنیوں کو ضرورت کے مطابق تعینات کیاجائے۔
کرناہ میں رہائشی مکان سے اسلحہ بر آمد کرنیکا دعویٰ
اشرف چراغ
کپوارہ // پولیس اور فوج نے بدھ کو دعویٰ کیا کہ انہوں نے سعد پورہ ٹاڈ میں ایک مکان سے اسلحہ وگولہ بارود برآمدکیا۔ پولیس بیان میں کہاگیاہے کہ خاص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، پولیس نے فوج کے ساتھ مل کر کرناہ کے گاؤں سعد پورہ ٹاڈ علاقے میں ایک مشترکہ محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا۔ مشترکہ ٹیم نے شمیماحمد شیخ ولد صدرالدین شیخ ساکن سعد پورہ ٹاڈ کے گھر سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا جس میں 3پستول، 3 پستول میگزین، 22 پستول کے راؤنڈز اور 3 چینی گرینیڈ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا، قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ (ایف آئی آر نمبر 02/2023) درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔