راجوری میں آگ کے واقعات ،13مویشی لقمہ اجل

سمت بھارگو+رمیش کیسر
راجوری//راجوری اور پونچھ اضلاع میں بدھ کی سہ پہر کو آگ لگنے کے مختلف واقعات میں کم از کم تیرہ مویشی زندہ جلائے گئے اور چند دیگر زخمی حالت میں ہیں۔حکام کے مطابق پونچھ ضلع کے سرنکوٹ سب ڈویژن کے کلر کٹل گاؤں میں آگ لگنے کے واقعے میں گیارہ مویشی، جن میں زیادہ تر دودھ دینے والے جانور تھے، زندہ جل گئے تھے۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ محمد فضل ولد وزیر محمد کا مویشی خانے میں پُر اسرار حالات میں آگ لگ گئی اور آگ کے شعلوں نے پورے ڈھانچے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے وہ راکھ ہو گیا۔وہاں آگ بجھانے کا آپریشن بھی شروع کیا گیا لیکن اس وقت تک ڈھانچہ کو نقصان پہنچ چکا تھا۔ایک اور واقعہ میں موڑہ کمپالا میں فاطمہ بی کے مویشی خانے میں آگ لگنے سے نقصان پہنچا ۔واقعے میں ایک دودھ دار جانور زندہ جل گیا جبکہ دو شدید جھلس گئے۔اسی طرح نوشہرہ کے وارڈ نمبر 2 میں آتشزدگی کے واقعہ میں ایک مویشی جھلس کر جاں بحق ہوگیا۔آگ بجھانے کے لئے فائر بریگیڈ کی گاڑی بھی موقع پر پہنچ گئی تاہم آگ پر قابو پانے تک ایک مویشی جھلس گیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے ان واقعات میں قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔