عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//فوج نے ضلع راجوری کے مختلف علاقوں میں کھیلوں کے سلسلے وار مقابلوں کا انعقاد کیا جس کا مقصد نوجوانوں میں جسمانی فٹنس، ٹیم ورک، مثبت سرگرمیوں اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔ ان مقابلوں میں کرکٹ، کھو کھو، والی بال اور کبڈی کے ٹورنامنٹس شامل تھے، جن میں طلبہ اور مقامی نوجوانوں نے غیر معمولی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔راجوری کے لام علاقے میں آٹھ روزہ کرکٹ مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف دیہات کی دس ٹیموں نے حصہ لیا۔ فائنل میچ ایک رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ پہلی بار باضابطہ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے متعدد کھلاڑیوں نے بہترین کھیل، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔ عوام کی بے پناہ شرکت اور بھرپور جوش و خروش نے اس مقابلے کو یادگار بنا دیا۔کری کے علاقے میں آپریشن سدبھاؤنہ کے تحت لڑکیوں کے لئے کھو کھو مقابلے منعقد کئے گئے جن میں انڈر-14 اور انڈر-17 کی کیٹیگریز شامل تھیں۔ گورنمنٹ ہائی اسکول لام میں ہونے والے اس ایونٹ نے مقامی طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور کھیلوں کے ذریعے خوداعتمادی میں اضافے کا موقع فراہم کیا۔ لارکہ اور کلسیاں کی ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا۔قلعہ درہال میں منعقدہ والی بال ٹورنامنٹ میں پانچ دیہات کی ٹیموں نے حصہ لیا، جہاں سخت مقابلوں کے بعد لام گاؤں کی ٹیم فاتح ٹھہری۔ اس ٹورنامنٹ نے نوجوانوں میں فٹنس، ٹیم ورک اور باہمی ربط کی اہمیت کو نمایاں کیا۔راجوری کے پرات علاقے میں 18 سے 20 نومبر تک کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوا جس میں چھ اسکولوں کی ٹیموں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ شاندار مقابلوں کے بعد گورنمنٹ ہائی اسکول تھنڈا پانی کی ٹیم نے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ مقامی عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔