پی آئی بی
نئی دہلی //مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے راجوری ضلع میں گزشتہ 6 ہفتوں میں 3 واقعات میں ہونے والی اموات کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے متاثرہ گائوں کا دورہ کرنے کے لیے وزارت داخلہ کی قیادت میں ایک بین وزارتی ٹیم کی تشکیل کا حکم دیا ہے۔ یہ ٹیم صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت، زراعت کی وزارت، کیمیکل اور کھاد کی وزارت اور آبی وسائل کی وزارت کے ماہرین پر مشتمل ہوگی۔ اس میں حیوانات، فوڈ سیفٹی اور فرانزک سائنس لیبز کے ماہرین کی مدد بھی حاصل کی جائے گی۔ٹیم آج یعنی 19 جنوری کو روانہ ہو گی اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر فوری ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر بھی کام کرے گی۔صورتحال کو سنبھالنے اور اموات کے سبب کے عوامل کو سمجھنے کے لیے ملک کے چند معروف اداروں کے ماہرین کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔