نیوز ڈیسک
جموں// راجوری میں حکام نے ہفتہ کو اس مہینے کے شروع میں ہوئے حملے میں مارے گئے 7 افراد کے لواحقین کو تقرری کے آرڈر سونپے۔یکم جنوری کو راجوری کے ڈانگری گاؤں میں ملی ٹینٹوں کی فائرنگ سے دو بھائیوں اور باپ بیٹے کی جوڑی سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ اگلے دن دیسی ساختہ بم پھٹنے سے دو بچے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ راجوری کے ڈپٹی کمشنر وکاس کنڈل نے سوگوار خاندانوں سے ملاقات کی اور لواحقین کو تقرری نامہ پیش کیا۔ان تقرریوں کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منظوری دی اور ان کا اعلان کیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے سروج بالا، نیتا دیوی، ونشو شرما، پرنکا شرما، شوب شرما اور نیتا دیوی کو تقرری نامہ حوالے کیا۔جہاں بالا اپنے دونوں بیٹوں کو کھونے کے بعد اپنے خاندان میں زندہ بچ جانے والی اکیلی ہے، وہیں دیوی نے اپنے شوہر اور سسر کو حملے میں کھو دیا۔سوگوار خاندانوں کے تئیں اپنی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کنڈل نے کہا کہ اگرچہ ان کے پیاروں کے نقصان کا ازالہ کبھی نہیں کیا جا سکتا لیکن ضلع انتظامیہ اس مشکل وقت میں ان کا ساتھ دے گی اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔