راجوری //راجوری کے کیری سیکٹر میں حد متارکہ پر ہندوپاک افواج کے درمیان زبردست گولہ باری اور فائرنگ کا تبادلہ ہواجس کے نتیجہ میں بھارتی فوج کے ایک میجر سمیت 4 اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ ایک شدید زخمی ہوا۔دفاعی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ قریب ڈیڑھ بجے کیری سیکٹر میں ایک پوسٹ سے دوسری پوسٹ تک جانے والی 120 انفنٹری بریگیڈ کی ایک گشتی پارٹی پر پاکستانی فوج نے زبردست فائرنگ اور گولہ باری کی جس کی زد میں گشتی پارٹی آئی اور موقعہ پر ہی فوج کا ایک میجر و دیگر چار اہلکار شدید زخمی ہوئے جن میںسے میجر پرفولا امباداس ، سپاہی پرگت اور سپاہی گرمیت سنگھ اسپتال لیجاتے ہوئے ہلاک ہوگئے جبکہ لانس نائیک گرمیل سنگھ کو شدید زخمی حالت میں جموں منتقل کیا گیا جو بعد میں وہاں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔واقعہ کے بعد بھارتی فوج نے بھی جوابی کارروائی کی جس کے بعد شام تک کئی گھنٹوں سے دو طرفہ فائرنگ اور گولہ باری کا شدہد تبادلہ ہوتا رہا۔دفاعی ترجمان نے کہا کہ پاکستانی فوج پر بھی زبردست فائرنگ اور گولہ باری کی گئی اور پاکستانی چوکیوںکو نشانہ بنایاگیا۔یہ واقعہ کیری سیکٹر میں برات گلہ علاقے میں پیش آیاہے جو بھمبر گلی بریگیڈ کے تحت آتاہے ۔دریں اثناء فوج کی طرف سے جاری ہوئے پریس بیان میں بتایاگیاہے کہ32سالہ میجر موہارکر پرفولاامباداس ساکن ضلع باندرا مہاشٹراکی ہلاکت ہوگئی ہے جن کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ اوولی موہارکر ہیں ۔اس کے علاوہ34سالہ لانس نائیک گرمیل کا تعلق ضلع امرتسر پنجاب سے ہے جن کے پسماندگان میں اہلیہ کلجیت کور اور ایک دختر ہے۔30سالہ سپاہی پرگت سنگھ کا تعلق ضلع کرنال ہریانہ سے ہے جن کے پسماندگان میں اہلیہ رمن پریت کور اور ایک بیٹاہے۔فوج نے میجر اور دو دیگر اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ انہوںنے اپنے وطن کی خاطر جان قربان کردی اور ان کی اس قربانی کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔