سمیت بھارگو
راجوری//ایک مشتبہ غیر ملکی ملی ٹینٹ کی لاش، جسے پاکستانی جتلایا جارہاہے،جو 5 اگست کو گنڈھا راجوری تصادم کے مقام سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا تھا، ریاسی ڈھکی کوٹ کی ایک گھاٹی سے برآمد کی گئی ہے۔ملی ٹینٹ مبینہ طور پر زخمی حالت میں تھا جب وہ 5 اگست کو انکاؤنٹر کے مقام سے فرار ہوا تھا۔جموں و کشمیر پولیس نے جمعہ کو کہا کہ 5 اگست کو گنڈھا انکاؤنٹر میں ملوث دوسرے پاکستانی ملی ٹینٹ کی لاش پڑوسی ضلع ریاسی کے ایک گاؤں سے برآمد ہوئی ہے۔پولیس نے راجوری میں کہا ’’ 5اگست کو گنڈھا خواس علاقے میں دو پاکستانی دہشت گردوں کو پولیس نے ایک انکاؤنٹر میں پھنسایا۔مقابلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا‘‘۔
پولیس نے کہا’’ فورسز کی مشترکہ ٹیمیں بشمول ریاسی اور راجوری پولیس کی ٹیمیں دوسرے دہشت گرد کی تلاش میں تھیں جو گزشتہ اتوار کو گنڈھا میں انکاؤنٹر کے دوران زخمی ہوا تھا لیکن گھنے جنگل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیاتھا‘‘۔جمعہ کی صبح پولیس نے کہا’’پولیس، آرمی اور سی اے پی ایف سمیت فورسز کی مشترکہ ٹیموں نے دہشت گرد کی لاش کو ایک گھاٹی سے تلاش کیا جہاں وہ سیکورٹی فورسز کے گرم تعاقب سے بچنے کی کوشش میں گر پڑا‘‘۔پولیس نے بتایا ’’مذکورہ دہشت گرد ایف ٹی (غیر ملکی پاکستانی دہشت گرد) لگتاہے اور راجوری پونچھ خطے کے کئی دہشت گردی کے جرائم میں ملوث ہونے کا شبہ ہے جس میں کیسری ہل پر خصوصی دستوں پر حالیہ حملہ اور ڈھانگری دہشت گردی کے واقعات شامل ہیں‘‘۔فوج نے الگ بیان میں کہا کہ’’ دوسرے دہشت گرد کی لاش ضلع ریاسی کے جنگلاتی علاقے سے ایک آپریشن کے دوران ملی ہے جسے فوج نے آپریشن ڈھکی کوٹ کا نام دیا ہے‘‘۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج،پولیس اور ایس او جی کے ساتھ مل کر ضلع ریاسی کے جنگل کے علاقوں میں مسلسل کارروائیاں کر رہی ہے۔بیان میں مزید کہاگیا’’17 اگست کی رات ڈھکی کوٹ کے قریب جنگل کے علاقے میں فوج اور پولیس نے نامعلوم افراد کی مشکوک نقل و حرکت دیکھی۔جب ایک مشکوک شخص تعیناتی کی جگہ پر پہنچاتواسے چیلنج کیا گیااور اس نے فرار ہونے کی کوشش کی۔فوج کے دستوں نے اس کے فرار کو روکنے کی کوشش کی اور دہشت گرد ٹھوکریں کھاتے ہوئے گھنے جنگل میں چٹان سے نیچے گرتے ہوئے دیکھا گیا‘‘۔بیان کے مطابق’’ خراب موسم اور گھنے جنگل کے علاقے کی وجہ سے تلاشی رات بھر روک دی گئی اورصبح سویرے ایس او جی اور وی ڈی سی کے ارکان کے ساتھ سرچ آپریشن کے دوران جنگل کے علاقے میں ممکنہ طور پر غیر ملکی دہشت گرد کی لاش ملی۔ دہشت گرد سے جنگی سامان بھی برآمد ہوا ہے۔ آپریشن جاری ہے‘‘۔فوج نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹ سے 7.62 ایم ایم کے تین میگزین، 90 گولیاں ، 9 ایم ایم کی 32 گولیاں اور 02 ہینڈ گرنیڈبرآمد کئے ہیں۔