سمت بھارگو
راجوری /راجوری میں دو روز تک جاری رہنے والی جھڑپ اختتام پذیر ہوئی جس میں 2ملی ٹینٹ اور ایک فوجی اہلکار کے علاوہ ایک ایس پی او مارے گئے۔لاشیں برآمد ہونے کیساتھ ہی بدھ کے روز راجوری کے نرلا بمبل گائوں میں سیکورٹی فورسز اورملی ٹینٹوں کے درمیان شدید گولی باری کا اختتام ہوا اور محاصرے میں پھنسے ہوئے دونوںملی ٹینٹوں کو بے اثر کر دیا گیا اور ہتھیارو گولہ بارود ضبط کر لیا گیا۔مارے گئے دونوں ملی ٹینٹوںکے بارے میں شبہ ہے کہ وہ پاکستانی ہیں۔
یہ انکائونٹر منگل کی سہ پہر راجوری ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 80 کلومیٹر دور راجوری کے دور افتادہ نرلا گائوں میں فورسز کے محاصرے اور تلاشی آپریشن کے دوران شروع ہوا۔تصادم اس وقت شروع ہوا جب فورسز کی تلاشی ٹیم کام پر تھی اور اسے ملی ٹینٹوںکی طرف سے شدید گولہ باری کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے نتیجے میں انکانٹر شروع ہوا۔منگل کی شام کو ایک ملی ٹینٹ کو مار گرایا گیا جبکہ کشتواڑ سے تعلق رکھنے والے روی کمار کے نام سے ایک فوجی اہلکار بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ دو دیگر فوجی جوان اور ایک اسپیشل پولیس آفیسر( ایس پی او) زخمی ہوا۔ علاقہ رات بھر سخت محاصرے میں رہا اور وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں لیکن خیال کیا جاتا ہے کہ جنگل میں موجود دوسرے ملی ٹینٹ نے گولی نہیں چلائی۔تاہم بدھ کی صبح ایک ملی ٹینٹ اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ دوبارہ شروع ہوا اور یہ ایک ساتھ گھنٹوں تک جاری رہا جس کے بعد دوسرا دہشت گرد بھی مارا گیا۔ اس دوران ایس پی او زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔دونوں کی لاشیں فورسز نے حاصل کر لی ہیں اور ان کے قبضے سے جنگی ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے جس میں دو اے کے رائفلیں، گولیاں اور کھانے کی اشیا کے علاوہ مجرمانہ مواد بھی شامل ہے۔حکام نے بتایا کہ دونوں دہشت گردوں کے مارے جانے کے ساتھ ہی تصادم ختم ہو گیا تاہم علاقے میں تسلط کے لیے احتیاطی بنیادوں پر فورسز کی تعیناتی کی گئی ہے۔