سمت بھارگَو
راجوری//بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق صدر اور قومی ایگزیکٹو باڈی کے رکن رویندر رینہ کی قیادت میںبھاجپاکے ایک وفد نے راجوری کے بڈھال گاؤں کا دورہ کیا، جہاں پچھلے ڈیڑھ ماہ کے دوران بارہ بچوں سمیت پندرہ افراد پراسرار حالات میں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔رویندر رینہ کے ہمراہ سابق وزیر چودھری ذوالفقار علی، محمد اقبال ملک، منظور نائیک اور دیگر سینئر پارٹی رہنما بھی تھے۔رویندر رینہ نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کر کے ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ’قیمتی جانوں کا یہ المناک نقصان نے پورے خطے کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور پارٹی اس مشکل وقت میں خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے‘‘۔رینہ نے کہا کہ ’’یہ معاملہ انتہائی تشویش ناک ہے، اور قیمتی جانوں کے ضیاع نے ہم سب کو جذباتی طور پر متاثر کیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اگر اس معاملے میں کوئی سازش یا بدعنوانی کے ثبوت ملے تو سخت کارروائی کی جائے گی‘‘۔سابق وزیر اور بی جے پی کے سینئر رہنما چودھری ذوالفقار علی، محمد اقبال ملک، منظور احمد نائیک اور دیگر بی جے پی رہنماؤں نے بھی متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور گہرے دکھ کا اظہار کیا۔