عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// اننت ناگ-راجوری سے رکن پارلیمنٹ میاں الطاف احمد نے ضلع راجوری کی تحصیل کوٹرنکا کے خواص گاؤں میں حالیہ اموات پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔میاں الطاف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ راجوری ضلع کے خواص گاؤں میں گزشتہ چند دنوں کے دوران ہونے والی اچانک اموات افسوسناک اور دل دہلا دینے والی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جائے اور ماہرین صحت کی ایک ٹیم کو علاقے میں بھیج کر وبائی تجزیہ کرایا جائے۔ ساتھ ہی انتظامیہ کی جانب سے تحقیقات کا حکم دیا جائے تاکہ مقررہ وقت میں ان اموات کی اصل وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ “راجوری ضلع کے خواص گاؤں میں گزشتہ چند دنوں کے دوران دو خاندانوں کے کم از کم سات افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، جو ایک المناک واقعہ ہے۔ حکومت کو اس معاملے میں ضروری اقدامات کرنے چاہئیں اور متاثرہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنی چاہیے”۔میاں الطاف نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے لیے دعا کی اور ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا، “یہ ایک ناقابل تصور سانحہ ہے۔ الفاظ غمزدہ خاندانوں کے درد کو کم کرنے یا ان کے دکھ کو بیان کرنے سے قاصر ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں اس عظیم نقصان کو برداشت کرنے کا حوصلہ دے اور مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے”۔