سرینگر // محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں 20نومبر تک کسی بھی بڑی موسمی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے ۔درجہ حرارت میں کمی کے بیچ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 20نومبر تک وادی میں موسم خشک رہے گا جس دوران آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں بھی مزید گراوٹ آئے گی۔ اس بیچ وادی اور لداخ میں درجہ حرارت میں مزید کمی کی وجہ سے راتیں مزید سرد ہورہی ہیں ،کیونکہ دراس، لیہہ، کرگل اور گلمرگ دونوں خطوں میں سرد ترین مقامات تھے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سائبیریا کے بعد دنیا کا دوسرا سرد ترین مقام دراس ہے جہاں درجہ حرارت منفی 11.9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ لداخ کے علاقے لیہہ میں درجہ حرارت منفی 7.7 ڈگری درج ہوا ۔ کرگل میں درجہ حرارت منفی 7.7 ہو گیا اور وہاں ٹھنڈی ہوائیں بھی چل رہی تھیں۔ ترجمان نے کہا کہ پہلگام میں منفی 2.0 جبکہ گلمرگ میں منفی 3.0 ڈگری تک پہنچ گیا ۔قاضی گنڈ میں6.2، کپواڑہ میں 3.1 اورکوکرناگ میں 5.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈکیا گیا۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وادی میں موسم 20نومبر تک خشک رہے گا اوراس بیچ درجہ حرارت میں بھی کمی آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں درجہ حرارت میں کمی آنا کوئی نئی بات نہیں ہے اور اب آہستہ آہستہ جیسے جیسے دن گزریں گے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گا ۔