رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن میں محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے زیر تحت ایک رابطہ سڑک پر بچھائی گئی تار کول کچھ ہی عرصہ میں اکھڑ گئی جس کی وجہ سے سیال اور کلائی دیہات کی عوام انتظامیہ کیخلاف سراپا احتجاج ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ و متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سیال اور کلائی گائوں میں جانے والی رابطہ سڑک پر انتہائی غیر معیاری تار کول بچھائی گئی جس کی وجہ سے مذکورہ تار کول کچھ ہی عرصہ میں اکھڑ نا شروع ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ایک لمبے عرصہ تک سڑک کو معیاری بنانے کیلئے انتظامیہ سے مانگ کی جاتی رہی ہے تاہم اب محکمہ کے ملازمین و ٹھیکیدار کی آپسی ملی بھگت کی وجہ سے سڑک کی تعمیر میں غیر معیاری مٹریل کا استعمال کیا گیا ہے ۔مقامی معززین و پنچایتی اراکین نے محکمہ کے چیف انجینئر و دیگر آفیسران کیساتھ ساتھ ملازمین و ٹھیکیدار پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سبھی کی آپسی ملی بھگت کی وجہ سے رابطہ سڑک پر غیر معیاری مٹریل کا استعمال کیا گیا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک پر استعمال کئے گئے ساز و سامان کا معائینہ کر کے غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔متعلقہ محکمہ کے ایگز یکٹو انجینئر نے بتایا کہ ٹھیکیدار کو سڑک پر دوبارہ سے تار کول بچھانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں ۔