حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے سرحدی گاؤں ددیگوار ملدیالاں کی سڑک خستہ حالی کا شکار تھی۔ عرصہ دراز سے مقامی شہری سڑک کی مرمت کرنے اور تارکول بچھانے کا مطالبہ کر رہے تھے اور اب آخر کار ان کے مطالبہ پورا کیا گیا۔فوج اور ضلع انتظامیہ کی کاوشوں کی بدولت اب اس سڑک پر تارکول بچھائی گئی ہے جس کو لے کر مقامی لوگ خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے ان کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا تھا کئی بار وہاں حادثات بھی پیش ائے جن میں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا بارہا انتظامیہ کو اس طرف متوجہ کیا گیا لیکن کسی نے ان کی بات نہیں سنی۔تاہم اب فوج اور انتظامیہ خصوصی طور پر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور برگیڈ کمانڈر 93 انفینٹری بریگیڈ کی کاوشوں کی بدولت سڑک پر تارکول بچائی گئی۔سرپنچ حلقہ پنچائت دیگوار ملدیالاں سردار سنگھ اور سماجی کارکن عبدالرشید شاہ پوری نے کہا ہے کہ وہ فوج اور ضلع انتظامیہ کے مشکور ہیں جنہوں نے عوام کے مشکلات کو سمجھتے ہوئے سڑک پر تارکول بچھا کر انہیں راحت پہنچائی۔