عظمیٰ نیوز سروس
جموں//بی جے پی کے سینئر لیڈر دیویندر سنگھ رانا کی قیادت میں دکانداروں کے نمائندوں اور نئی بستی علاقے کے دیگر لوگوں کے وفد نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور ان سے اپیل کی کہ وہ جموں کے حقیقی مطالبے پر ہمدردانہ رویہ اختیار کریں۔ میٹنگ کے بعد دیویندر سنگھ رانا نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر نے ان پریشان دکانداروں کے مطالبات سے بہت ہمدردی کا اظہار کیا اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت کا ارادہ ہمیشہ غریبوں اور پسماندہ لوگوں کے مفادات کا تحفظ کرنا رہا ہے اور رہے گا۔متاثرہ دکانداروں کی جانب سے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کرتے ہوئے دیویندر رانا نے کہا کہ نئی بستی کے دکاندار علاقے میں گزشتہ چھ سات دہائیوں سے اپنے ادارے چلا رہے ہیں اور رزق حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے آباؤ اجداد بھی ان اداروں سے چھوٹے کاروبار کر رہے تھے اور اس لئے ان کی نقل مکانی سے ان کے خاندانوں پر بہت زیادہ اثر پڑے گا۔رانا نے لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے متاثرہ تاجروں کو صبر سے سننے کے ساتھ ساتھ ان کی پریشانی کے دوران ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ منوج سنہا نے ہمیشہ عوام کے حق میں ان کے حقیقی مطالبات کے ازالے کیلئے سرگرم رہے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات کا مناسب سطح پر جائزہ لیا جائے گا اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی کہ ان کی روزی روٹی متاثرنہ ہو ۔