یواین آئی
دہرادون//وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو اتراکھنڈ کے دہرادون میں منعقدہ گلوبل انویسٹرس سمٹ کا افتتاح کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ صلاحیتوں سے بھرپور یہ دیو بھومی (اتراکھنڈ) یقینی طور پر سرمایہ کاری کے لیے بہت سے دروازے کھولنے جارہی ہے۔ مودی نے کہا،’’دیو بھومی اتراکھنڈ آنے کے بعد دل باغ باغ ہو جاتا ہے۔ چند سال پہلے جب میں بابا کیدار کے درشن کے لئے نکلا تھا تو اچانک میرے منہ سے نکلا کہ 21ویں صدی کی یہ تیسری دہائی اتراکھنڈ کی دہائی ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں اپنے اس بیان کو مسلسل نافذ ہوتے دیکھ رہا ہوں۔ آپ سب کو بھی اس فخر سے جڑنے کے لئے، اتراکھنڈ کی ترقی کے سفر میں شامل ہونے کا ایک بڑا موقع مل رہا ہے۔ گزشتہ دنوں، اترکاشی میں ٹنل میں ہمارے مزدور بھائیوں کو بحفاظت نکالنے کا جو کامیاب آپریشن چلایاگیا، اس کے لئے میں ریاستی حکومت سمیت سبھی کوخاص طورپرمبارکباد دیتا ہوں۔مودی نے کہا کہ اتراکھنڈ ایک ایسی ریاست ہے جہاں آپ روحانیت اور ترقی، دونوں کا ایک ساتھ تجربہ کرتے ہیں اور میں نے تو اتراکھنڈ کے احساسات اور امکانات کو قریب سے دیکھا ہے، میں نے اسے جیا ہے اور تجربہ کیا ہے۔