سرینگر//متحدہ مجلس علماء کے امیر اعلیٰ اورحریت (ع)چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے عرس پاک کے موقعہ پر حضرت شیخ العالمؒ کوخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے انہیں شریعت و طریقت اور حقیقت و معرفت کاپیکر قرار دیا ہے۔ایک بیان میں میرواعظ نے اعلان کیا کہ اہلیان چرار شریف کی دعوت اور اصرار پر وہ امسال بھی 20 اکتوبر2017 جمعتہ المبارک کوآستانہ عالیہ میںاپنے وعظ و تبلیغ کے دوران علمدار کشمیرؒ کی عظیم الشان اور ناقابل فراموش دینی، ملی اور اصلاحی خدمات کو خراج عقیدت ادا کریں گے۔ میرواعظ نے عرس مبارک کی مناسبت سے کہا ہے کہ شیخ العالمؒ بنیادی لحاظ سے ایک اعلیٰ پایہ کے دینی ور وحانی پیشوا اورایک عظیم مصلح ومربی تھے جنہوں نے قرآن حکیم کی ابدی اور لافانی تعلیمات کو اپنی مادری زبان کشمیری میں پیش کرنے کی ایک انتہائی کامیاب اور مخلصانہ کوشش کی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ صدیاں گذر جانے کے باوجود انکے کلام کی معنویت، افادیت، اہمیت اورچاشنی میں کوئی کمی نہیں آئی ہے ۔میرواعظ نے کہا کہ حضرت شیخ نور الدین ولی ؒ کا عرس منانے کا حق تب ہی ادا ہو سکتا ہے جب ہم سب آج کے سنگین اور تباہ کن حالات کے تناظر میں انکے دکھائے ہوئے راستے پر چلیں۔اس دوران مجلس علماء ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 20 اکتوبرجمعتہ المبارک کو چرار شریف میں اپنی شرکت یقینی بنائیں۔