عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//دہلی اسمبلی انتخاب کے نتائج برآمد ہوئے ایک ہفتہ سے زیادہ گزر چکے ہیں لیکن ابھی تک وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ لوگوں کی نظریں سیاسی سرگرمیوں پر ہیں اور وہ انتظار کر رہے ہیں کہ کب بی جے پی دہلی کے نئے وزیر اعلیٰ کا نام ظاہر کرے گی۔ اب لوگوں کا انتظار ختم ہونے والا ہے۔ اطلاع کے مطابق 19فروری کو پہلے بی جے پی قانون ساز اسمبلی کی میٹنگ ہوگی اور اس کے بعد 20 فروری کو دہلی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب ہوگی۔ حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے این ڈی اے کی حکمرانی والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ کو دعوت دی جائے گی۔ اسی روز این ڈی اے کی حکمرانی والی ریاستوں کے وزرائے اعلی کی میٹنگ بھی دہلی میں ہی منعقد ہوگی۔دہلی حکومت کی حلف برداری اور حکومت کی تشکیل کے حوالے سے پیر (17 فروری) کو شام میں ایک اہم میٹنگ ہونے والی ہے۔ اس میٹنگ میں حلف برداری تقریب کے انچارج ونود تاوڑے اور ترون چگھ موجود رہیں گے۔ دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا اور دہلی بی جے پی کے افسران بھی موجود رہیں گے۔ اس میٹنگ میں نئی حکومت کی حلف برداری کی تاریخ، وقت اور جگہ کا تعین کیاجائے گا۔ حلف برداری کی تیاریاں، بیٹھنے کا بندوبست اور مہمانوں کی فہرست کو بھی حتمی شکل دی جائے گی۔اس درمیان 27 سال بعد دہلی کے اقتدار پر قابض ہونے والی بی جے پی کی جانب سے حکومت بنانے میں تاخیر کے حوالے سے دہلی کی قائم مقام وزیر اعلی آتشی نے طنز کستے ہوئے کہا کہ آج 17 تاریخ ہو گئی ہے دہلی انتخاب کے نتیجے آئے 10 دن گزر چکے ہیں۔ 8 فروری کو نتیجے آئے اور دہلی والوں کو امید تھی کہ 9 تاریخ کو انہیں اپنے وزیر اعلی کی اطلاع مل جائے گی اور 10 کو وہ حلف لے لیں گے۔ دہلی کے عوام انتظار کرتے رہ گئے۔ آج 10 روز ہو گئے ہیں لیکن بی جے پی وزیر اعلیٰ کے نام پر کوئی فیصلہ نہیں لے پائی ہے۔