عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//ملک میں دیوالی کا تہوار منایا جا رہا ہے لیکن راجدھانی دہلی میں فضائی آلودگی نے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ دیوالی کے دن یہاں کی فضا مزید خراب ہو گئی ہے۔ آنند وِہار علاقے میں اے کیو آئی ‘سنگین زمرے میں درج کی گئی ہے۔ آج شام تک آلودگی اور بھی سنگین رخ اختیار کر سکتی ہے۔ صورتحال کے پیش نظر افسران نے پٹاخہ جلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی وارننگ دی ہے۔ اس سلسلے میں 377ٹیموں کی تشکیل بھی کی گئی ہے۔جمعرات کی صبح آٹھ بجے آنند وِہار میں اے کیو آئی 419 درج کیا گیا، یہ انتہائی سطح سے صرف 81 نیچے ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ کہیں 500 تک نہ پہنچ جائے۔ دہلی کی بات کی جائے تو گزشتہ 24 گھنٹے کا اوسط اے کیو آئی گزشتہ شام 4 بجے تک 307 درج کیا گیا۔ یہ منگل کو 268 تھا۔ اب دیوالی اور جمعہ کے دن آلودگی سے راحت ملنے کی فی الحال کوئی امید نظر نہیں آ رہی ہے۔