عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//محکمہ موسمیات نے دہلی، ہریانہ اور پنجاب میں گرج چمک اور تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے۔ وہیں اتر پردیش کے کئی اضلاع میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں آئی ایم ڈی نے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش، ودربھ اور چھتیس گڑھ میں اگلے چند دنوں تک بارش اور تیز ہواؤں کا دور جاری رہے گا۔آئی ایم ڈی کے مطابق جنوب مغربی مانسون مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔ فی الحال مانسون کی شمالی حد مہاراشٹر، تلنگانہ، اڈیشہ، جھارکھنڈ اور بہار کے کچھ حصوں تک پہنچ چکی ہے اور 23 جون کے آس پاس ان ریاستوں کے کئی علاقوں کے ساتھ چھتیس گڑھ کے کچھ حصوں میں آگے بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے بہار میں 22 اور 25 جون کے درمیان شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ بہار میں 22 جون تک اور مشرقی اتر پردیش میں 24 جون تک ہیٹ ویو کا اثر دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ راجستھان میں آندھی کے ساتھ طوفان کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ مغربی راجستھان میں بھی غبار آلود طوفان کا اندیشہ ہے۔ وہیں مدھیہ پردیش کے کئی اضلاع میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اسی کے ساتھ ہماچل پردیش میں 20 سے 22 جون تک اور اتراکھنڈ میں 20 سے 25 جون تک بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ دوسری طرف مغربی بنگال، سکم، اڈیشہ اور آسام-میگھالیہ میں اگلے کئی دنوں تک موسلہ دھار بارش جاری رہنے کی وارننگ دی گئی ہے۔