نئی دہلی،// قومی دارالحکومت میںکورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ اومیکرون کے مزید 10 کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
افسران نے جمعہ کو بتایا کہ کووڈ-19 ویکسین کی بوسٹر خوراکیں پانے والے تین افراد سمیت 10 بین الاقوامی مسافروں کے آج یہاں اومیکرون سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔
ڈاکٹروں نے بتایا کہ متاثرہ افراد میں اومیکرون کی علامات نہ کے برابر ہیں اور ان کا علاج لوک نائک جے پرکاش نارائن اسپتال کی اومیکرون سہولت مرکز میں کیا جا رہا ہے۔
ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ اومیکرون کے نئے کیسز میں سے تین مسافروں کو کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگ چکی ہے۔ سبھی میں اس وائرس کی معمولی علامات پائی گئی ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ سبھی کو خارش اور گلے میں خراش کی شکایت ہے۔
ڈاکٹر کے مطابق اہم بات یہ ہے کہ کورونا وائرس کی دونوں ڈوز لینے والے اور بوسٹر ڈوز لینے والے افراد کی علامات میں کوئی فرق نہیں دیکھا گیا۔ افسران کے مطابق، بیرون ملک سے آنے والے ان 10 مسافروں میں سے ایک ایک تنزانیہ، بیلجیم سےاور چار مسافر برطانیہ اور دبئی سے واپس آئے ہیں اور کووڈ کے مثبت ٹیسٹ کے بعد انہیں لوک نائک جے پرکاش نارائن ہسپتال میں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔
ایل این جے پی اومیکران سہولت مرکز میں فی الحال 40 مریض داخل ہیں۔
دارالحکومت میں 5 دسمبر کو اومیکران ویرینٹ کے معاملہ سامنے آئے تھے۔ 37 سالہ مریض رانچی کا رہائشی تھا اور اسے صحت یاب ہونے کے بعد ہفتے کے اوائل میں ہسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔
دہلی میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران اومیکرون سے متاثر ہونے والوں کی تعداد دوگنی ہو گئی ہے۔ دارالحکومت میں اب تک اس وائرس کے انفیکشن کے 20 معاملے ہو چکے ہیں۔