یو این آئی
سرینگر//جموں و کشمیر پولیس کی سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی(ایس آئی اے)نے وائٹ کالر ملی ٹینسی کے حالیہ بے نقاب ہوئے نیٹ ورک سے جڑے ایک اور شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت طفیل نیازبھٹ کے طور پر ہوئی ہے جو دیارونی بٹہ مالوسرینگر کا رہائشی ہے۔ذرائع کے مطابق، گزشتہ ماہ نوگام سرینگر میں کالعدم جیشِ محمد کے پوسٹرز نمودار ہونے کے بعد ایس آئی اے نے ایک خصوصی تفتیشی عمل شروع کیا تھا۔ انہی پوسٹرز کی تحقیقات نے ایک منظم نیٹ ورک کو بے نقاب کیا، جس کے تار اب دہلی کے لال قلعہ دھماکے سے بھی جوڑے جا رہے ہیں۔حکام نے بتایا کہ طفیل نیاز ایک سیلز مین کے طور پر کام کرتا تھا، تاہم ابتدائی پوچھ گچھ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس نے مبینہ طور پر نیٹ ورک کے ایک رکن کو اے کے 47 رائفل فراہم کی تھی۔ایک سینئر افسر کے مطابق، ملزم سے پوچھ گچھ جاری ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مزید گرفتاریوں اور اس نیٹ ورک کے دیگر پہلوں کے سامنے آنے کے امکانات کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ابھی تک پولیس اور این آئی اے نے اس کیس کے سلسلے میں 6افراد کو حراست میں لیا ہے۔ دیگر اہم ملزمان میں پلوامہ کے ڈاکٹر مزمل شکیل گنائی، اننت ناگ کے ڈاکٹر عدیل احمد راتھر، لکھنو کے ڈاکٹر شاہین سعید، اور شوپیان کے مفتی عرفان احمد وگے شامل ہیں۔انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق فرید آباد میں 2500 کلو گرام سے زائد امونیم نائٹریٹ برآمد ہونے کے بعد گرفتار ہونے والے ملزم مزمل نے ایک اے کے 47 رائفل 5 لاکھ روپے سے زائد میں خریدی تھی جو بعد میں عدیل کے لاکر سے برآمد ہوئی تھی۔ یہ ہتھیاروں کی خریداری ایک اہم کڑی ہے۔مزمل کا ہینڈلر الگ تھا، جبکہ دھماکے کا ملزم عمر دوسرے کو رپورٹ کر رہا تھا۔ دو اہم ہینڈلر، منصور اور ہاشم، ایک سینئر ہینڈلر کے تحت کام کر رہے تھے جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ماڈیول کی مجموعی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔انٹیلی جنس ذرائع نے تصدیق کی کہ 2022 میں مزمل، عدیل اور ایک اور ملزم مظفر احمد نے عکاسہ نامی شخص کی ہدایت پر ترکی کا سفر کیا، جس کا تعلق تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)سے ہے۔انہیں ترکی میں رابطے کے ذریعے افغانستان پہنچایا جانا تھا۔ لیکن ایک ذریعہ نے بتایا کہ انہیں تقریباً ایک ہفتہ انتظار کرنے کے بعد، ہینڈلر پیچھے ہٹ گیا۔تفتیش کاروں نے پایا کہ اوکاسہ نے مزمل کے ساتھ ٹیلی گرام آئی ڈی کے ذریعے رابطہ کیا۔ انٹیلی جنس حکام نے بتایا کہ عمر بم بنانے کی ویڈیوز، مینوئل اور اوپن سورس مواد کا آن لائن مطالعہ کر رہا تھا۔ اس نے نوح سے کیمیائی اجزا اور بھاگیرتھ پیلس اور فرید آباد کی این آئی ٹی مارکیٹ سے الیکٹرانک اجزا حاصل کیے۔
قاضی گنڈ کا گرفتار نوجوان
وکیل سے ملنے کی اجازت دی گئی
عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//دہلی کی ایک عدالت نے ہفتے کے روز لال قلعہ دھماکہ کیس کے ملزم جاسر بلال وانی کی درخواست کو نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے)کے ہیڈ کوارٹر میں اپنے وکیل سے ملنے کی اجازت دے دی۔پٹیالہ ہائوس کورٹ کی پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج انجو بجاج چاندنا نے درخواست کی اجازت دی۔جمعہ کے روز، دہلی ہائی کورٹ نے ملزم کی درخواست کی اجازت دینے کا حکم جاری کرنے سے انکار کر دیا، یہ کہتے ہوئے کہ وہ ٹرائل کورٹ کی طرف سے اس کی استدعا کو مسترد کرنے والے کسی حکم کو دکھانے میں ناکام رہا۔ہائی کورٹ نے متبادل کے طور پر وانی کے وکیل کو قانون کے مطابق اس کی درخواست کے فیصلے کے لیے ہفتے کے روز متعلقہ ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی صلاح دی تھی۔ قاضی گنڈ کے رہائشی، وانی کو 17 نومبر کو این آئی اے نے گرفتار کیا تھا۔