عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کی سیاست میں آئندہ چند دنوں کے دوران دو اہم پیش رفت متوقع ہیں۔ ایک جانب حکومت میں کابینہ کی توسیع اور ردوبدل کیا جائے گا، جبکہ دوسری جانب نیشنل کانفرنس دہلی کے جنتَر منتر پر ریاستی درجے کی بحالی کے مطالبے کے حق میں مجوزہ احتجاج کی حکمتِ عملی کو حتمی شکل دے گی۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ایک نیوز چینل کیساتھ انٹرئیومیں کہا کہ دہلی میں ہونے والے احتجاج سے قبل کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ نیشنل کانفرنس کی ایک اہم میٹنگ آج سرینگر میں پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی صدارت میں ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگی، جس میں پارٹی کے سینئر رہنما شرکت کریں گے۔ اجلاس میں جنتَر منتر احتجاج کی حکمتِ عملی کو حتمی شکل دی جائے گی اور یہ فیصلہ بھی کیا جائے گا کہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے روز ہونے والے احتجاج میں پارٹی کی نمائندگی کون سے رہنما کریں گے۔
کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کے حوالے سے عمر عبداللہ نے کہا کہ یہ عمل دہلی احتجاج سے قبل مکمل کیا جائے گا۔ ان کے مطابق حالیہ ڈاچی گام اجلاس کے دوران یہ محسوس کیا گیا کہ حکومت کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے وزراء کی کونسل میں توسیع اور ردوبدل ضروری ہے۔واضح رہے کہ متوقع کابینہ توسیع اور ردوبدل، عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلا بڑا ردوبدل ہوگا۔