جے پور (راجستھان)// بھارت نے پاکستان کو دہشت گردی کیخلاف جنگ میں تعاون دینے کی پیشکش کی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کو ٹھکانے لگانے میں کامیاب نہیں ہوپارہا ہے تو اس کے لے بھارت مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔مرکزی وزیرداخلہ نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کوئی تنازعہ نہیں بلکہ یہ بھارت کا ناقابل تنسیخ حصہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اصل مسئلہ دہشت گردی کا ہے جس کے لئے پاکستان ہم سے بات چیت کرسکتا ہے۔ راجناتھ سنگھ نے کہا’میں پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کو بتادینا چاہتا ہوں کہ اگر افغانستان میں دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لئے امریکہ سے مدد طلب کی جاسکتی ہے تو بھلا پاکستان میں اس طرح کا عمل کیوں نہیں دہرایا جاسکتا؟‘۔راجناتھ سنگھ نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان میں طالبان سے نمٹنے کے لئے کیا امریکہ سے تعاون طلب نہیں کیا گیا؟ انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ بیانات سے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر پنپ چکی دہشت گردی سے تنگ آچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگرپاکستانی وزیراعظم دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ختم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں تو بھارت انہیں اس حوالے سے پوری مدد دینے کو تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’اگر پاکستان کو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے میں ناکام ہوا ہے تو بھارت پاکستان کی مدد کر نے کو بالکل تیار ہے‘۔