اعظم گڑھ//وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کی کوشش تھی کہ دہشت گرد جموں وکشمیر اورکچھ سرحدی علاقوں کے سوا ملک کے دیگرحصوں میں کہیں بھی اپنی سرگرمی کوانجام نہ دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت کے دوران ملک نے دہشت گردی کے خلاف سخت فیصلے لئے اوران کا منہ توڑ جواب دیا۔ علاوہ ازیں مسعود اظہرکوعالمی دہشت گردقراردینے کیلئے عالمی طاقتوں کواکٹھا کیا۔ نریندرمودی نے کہا کہ 2014 سے قبل ملک میں دہشت گردانہ واقعات کا ایک سلسلہ چل رہا تھا، لیکن ہمارے اقتدار میں آنے کے بعد ہم نے اس پرقابو حاصل کیا۔ ان حملوں کا ذمہ دار کون تھا، اس بات سے ہرکوئی اچھی طرح سے واقف ہے۔انہوں نے بی جے پی کو مکمل اکثریت نہ ملنے کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسی صورت میں جب دہلی کی حکومت کمزور ہوگی تو ملک میں دہشت گردی اور دیگر قسم کے واقعات میں اضافہ ہوگا۔