نئی دہلی// اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج یہاں کہا کہ دہشت گردی انسانیت اور اسلام دونوں کی سب سے بڑی دشمن ہے اور ان شیطانی طاقتوں کو شکست دینے کے لئے پوری دنیا کو متحد ہوکر کام کرنا ہوگا۔مسٹر نقوی نے یہاں اقلیتی امور کے دفتر میں ان سے ملاقات کے لئے آئے ایک اعلی سطحی ایرانی وفد کے ساتھ بات چیت کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ حجت الاسلام ڈاکٹر محسن قمی کی قیادت والے اس وفد میں اسلامی کلچر اور تعلقات کی تنظیم کے ڈائریکٹر ابوذر ابراہیمی ترکمان اور ہندوستان میں ایران کے سفیر غلام رضا انصاری اور دیگر افسران موجود تھے ۔فریقین کے درمیان باہمی ثقافتی تعلقات کو مستحکم کرنے نیز دہشت گردی کے مسئلے پر بھی بات چیت ہوئی۔مسٹر نقوی نے کہا کہ وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالیرنس کی پالیسی اپنائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن اتحاد، خیر سگالی ہندوستان کے ڈی این اے میں ہے ۔ہندوستان کی اسی طاقت کی وجہ سے شیطانی طاقتیں یہاں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی ہیں۔مرکزی وزیر نے کہا کہ اسلام کو دہشت گردی کا ڈھال بنانے کی سازش میں مصروف عناصر کو ہمیں مل کر شکست دینا ہوگا۔مسٹر نقوی نے کہا کہ ہندوستان اور ایران کے تعلقات کافی قدیم اور مضبوط ہیں۔ گذشتہ سال وزیر اعظم نریندر مودی کے ایران دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کونئی بلندیاں ملی ہیں ۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ دیگر شعبوں کی طر ح ہندوستان اور ایران دہشت گردی کے مسئلے کے خلاف بھی عالمی سطح پر نہایت اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔