ریاض ملک
سرینگر//جموںوکشمیر قانو ن ساز اسمبلی کا ایوان جمعرات کو اُس وقت اکھاڑے میں تبدیل ہوگیااور چاہ ِ ایوان میںدھینگا مشتی ،چھینا جھپٹی،ہاتھا پائی کے مناظر دیکھنے کو ملے جب عوامی اتحا دپارٹی کے واحد ممبر اسمبلی شیخ خورشید ایک بینر لیکر چاہِ ایوان میں داخل ہوگئے ۔صبح جب ایوان کی کارروائی شروع ہوئی اور قائد حزب اختلاف کچھ بول رہے تھے تو اسی اثناء میں عوامی اتحاد پارٹی کے واحد ممبر اسمبلی لنگیٹ شیخ خورشید احمد چھینے گئے حقوق کی بحالی سے متعلق ایک بینر لہرا کر چاہِ ایوان میں داخل ہوگئے اور وہ دفعہ370اور35اے کی بحالی کا مطالبہ کررہے تھے ۔شیخ خورشید کو چاہ ِ ایوان میں بینر لیکر آتے دیکھ کر احتجاجی بی جے پی ممبران نشستیں پھلانگتے ہوئے چاہ ِ ایوان میں کود پڑے اور انہوںنے شیخ خورشید کو گھسیٹنا شروع کیا۔اس دوران دھینگا مشتی اور چھینا جھپٹی کے مناظر بھی دیکھنے کو ملے اور ان پر گھونسے بھی مارے گئے جبکہ بینر چھین کراس کی چیر پھاڑ بھی کردی گئی۔ سجاد غنی لون شیخ خورشید کے بچائو میں آگئے تاہم مشتعل بی جے پی ارکان اُن پر بھی ٹوٹ پڑے اور نوبت ہاتھا پائی تک آئی اور چاہِ ایوان میں خوب مکے برس رہے تھے تاہم پی ڈی پی کے وحید الرحمان پرہ اور میر محمد فیاض نے بیچ بچائو کرکے شیخ خورشید اور سجاد غنی لون کو ایک طرف لیا جبکہ بی جے پی اراکین مسلسل احتجاج کرتے رہے۔