مغل روڑ عارضی طور بند،18اکتوبر تک موسم خشک رہیگا:محکمہ موسمیات
عشرت بٹ +بلال فرقانی
سرینگر +پونچھ //سونہ مرگ، گلمرگ ، سنتھن ٹاپ، کشتواڑ اور پیر کی گلی میں تازہ لیکن ہلکی برفباری ہوئی ہے جس کے نتیجے میں سردہوائوں نے اپنے ڈیرے ڈالے اور مغل روڑ عارضی طور پر بند ہوا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے موسم خشک رہے گا اور 18اکتوبر تک کسی بڑی موسمی تبدیلی کے امکانات بہت کم ہیں۔محکمہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گذشتہ روز سنتھن ٹاپ اور زوجیلا کے علاوہ افروٹ گلمرگ میں ہلکی برفباری کے بعد منگل کی صبح زوجیلا، گلمرگ اور سنتھن ٹاپ میں ایک بار پھر ہلکی برفباری ہوئی۔انہوں نے کہا کہ مغل روڑ میں پیر کی گلی اور ورڈون کشتواڑ میں بھی ہلکی برفباری ہوئی جس سے درجہ حرارت میں خاصی کمی دیکھی گئی۔ڈپٹی ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ بدھ سے موسم خشک رہیگا اور 18اکتوبر تک بارشوں اور برفباری کا کوئی امکان نہیں ہے۔
تاہم انکا کہنا تھا کہ موسم چونکہ تبدیل ہوگیا ہے لہٰذا دور دور کچھ مقامات پر ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وادی میں سب سے کم شبانہ درجہ حرارت گلمرگ میں 3.6ریکارڈ کیا گیا جبکہ دراس میں 1.8ڈگری رہا۔ادھر مغل روڈ کو بدھ کی صبح تک گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیا ۔خطہ پیر پنچال کے متعدد علاقوں میں گزشتہ روز بعد دوپہر موسم میں خرابی کیساتھ ہی کچھ علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجہ کی بارش ہوئی جبکہ پیر پنچال پہاڑیوں پر برف کی ہلکی پرت بچھ گئی ۔سرنکوٹ میں بعد دوپہرموسلا دھار بارش ہوئی۔ مغل شاہراہ کے پیر گلی و دیگر مقامات پر ہلکی برف باری ہوئی ۔ پیر گلی علاقہ میں ہوئی برفباری کے دوران سیاحوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے موسم کی پہلی ہلکی برفباری سے لطف اٹھایا ۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ پیر کی گلی میں ڈیڑھ انچ برف جمع ہوئی تھی۔ منگل شام سے شروع ہونے والی بارش کے ساتھ بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی ۔ ڈی ایس پی ٹریفک آفتاب شاہ نے بتایا کہ پیر کی گلی سمیت بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی اور نچلے علاقوں میں ہلکی بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے سڑکوں پر پھسلن پیدا ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ احتیاطی اقدامات کے طور پرسڑک کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیاہے اور موسم میں کچھ بہتری آنے تک سڑک کو بند رکھا جائے گا۔