نئی دہلی// جھارکھنڈ کرکٹ ٹیم کے ہوٹل میں آج صبح آگ کے واقعہ کے بعد کپتان مہندر سنگھ دھونی سمیت ٹیم کے باقی کھلاڑیوں کو صحیح سلامت نکال لیا گیا لیکن اس واقعہ کی وجہ سے گھریلو وجے ہزارے ٹرافی کے سیمی فائنل اور فائنل میچ کے پروگرام میں تبدیلی کرنی پڑی ہے ۔یہ واقعہ آج صبح پیش آیا جب دارالحکومت کے دوارکا علاقے میں واقع 'ویلکم' ہوٹل کے تہہ خانہ میں ساڑھے چھ بجے آگ لگ گئی۔ اسی ہوٹل میں دھونی اور ان کی ٹیم کے ممبران ٹھہرے ہوئے تھے ۔آگ کی خبر ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 30 گاڑیوں کو موقع پر بھیجا گیا اور آگ پر قابو پا لیا گیا۔ تاہم اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے لیکن ٹیم کے کھلاڑیوں کی کِٹ جل جانے کی خبر ہے ۔ دھونی اور باقی کے تمام کھلاڑیوں کو ہوٹل سے فوراً ہی باہر نکال لیا گیا لیکن جلدی میں ان کا سامان، کِٹ اور کپڑے وغیرہ ہوٹل میں ہی رہ گئے ۔اس درمیان جھارکھنڈ کے بلے باز اشانک جگی نے پورے واقعہ کی جانکاری دیتے ہوئے کہا ''ہمیں میچ سے پہلے صبح ساڑھے سات بجے ہوٹل کی لابی میں اکٹھا ہونا تھا لیکن ہمیں پرتیوش سنگھ نے صبح سات بجے آکر اپنے اپنے کمروں میں رہنے کے لیے کہا کیونکہ اس وقت گراؤنڈ فلور کے فرش کی لابی میں دھواں بھر چکا تھا۔ یہ بہت تیزی سے پھیل گیا اور ہماری ساتویں منزل تک پہنچ گیا۔ ہمارے ارد گرد دھواں ہی تھا اور ہم کچھ نہیں دیکھ پا رہے تھے ۔'' انہوں نے کہا ''ہمیں اس کا اس لئے پتہ نہیں چلا کیونکہ کوئی فائر الارم ہی نہیں بجا۔ لیکن جلنے کی تیز بدبو آ رہی تھی اور پھر ہمیں فوراً ہی باہر نکلنے کے لئے کہا گیا۔ جب ہم باہر نکلے تب ہمیں جاکر آگ کی شدت کا پتہ چل پایا۔''آگ کے واقعہ کے فوراً بعد ہی جھارکھنڈ کے کپتان دھونی، باقی کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف کو باہر نکال کر پالم گراؤنڈ پر لے جایا گیا جہاں فی الحال ٹیم ٹھہری ہوئی ہے ۔دھونی وجے ہزارے ٹرافی ٹورنامنٹ میں جھارکھنڈ کی ٹیم کی کپتانی کر رہے ہیں جس کا بنگال کی ٹیم کے ساتھ آج پالم کرکٹ گراؤنڈ پر سیمی فائنل میچ ہونا تھا۔ لیکن اس درمیان میچ کو اب ہفتہ تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے ۔ انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آگ کے واقعہ کے بعد کھلاڑی فی الحال میچ کھیلنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں اور اب میچ کو ایک دن کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے ۔ بورڈ نے ساتھ ہی بتایا کہ اس واقعہ میں میچ افسر یا کھلاڑیوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے ۔ بی سی سی آئی نے بتایا کہ 17 مارچ کو جھارکھنڈ اور بنگال کے درمیان پالم گراؤنڈ پر جو وجے ہزارے سیمی فائنل میچ ہونا تھا اسے اب 18 مارچ کو فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میدان پر کھیلا جائے گا۔