نئی دہلی/ دنیا کے بہترین فنشر مہندر سنگھ دھونی کے لئے یہ اعداد و شمار بڑا حیرانی والا ہو سکتا ہے کہ انہوں نے ٹوئنٹی 20 میں اپنا بہترین ا سکور اپنے 280 ویں میچ میں جاکر بنایا ۔دھونی نے کل موہالی میں کنگز الیون پنجاب کے خلاف آئی پی ایل 11 کے مقابلے میں 44 گیندوں میں چھ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 79 رنز کی اننگز کھیلی جو آئی پی ایل میں ہی نہیں بلکہ ٹوئنٹی 20 میچوں میں بھی ان کا بہترین ا سکور ہے ۔ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی میچوں میں دھونی کا سب سے بہترین اسکور 56 رن ہے ۔سابق ہندوستانی کپتان نے اگرچہ اپنی بہترین اننگز کھیلی لیکن وہ اپنی ٹیم چنئی سپر کنگز کو چار رن کی شکست سے نہیں بچا سکے ۔دھونی نے 280 ٹوئنٹی 20 میچوں میں 37.16 کی اوسط اور 135.15 کے اسٹرائک ریٹ سے 5686 رن بنائے ہیں جس میں 22 نصف سنچری شامل ہیں۔انہوں نے ان میچوں میں 397 چوکے اور 242 چھکے لگائے ہیں۔