ترال //ترال میں پر اسرار دھماکے میں جاں بحق جنگجو کی ہلاکت اور ایک اور جنگجو کے ممکنہ طور پر زخمی ہونے کی اطلاعات کے بعد فورسز نے جنگلات اور رہائشی بستیوں میں تلاشی کارروائیوں میں تیزی لا کر جگہ جگہ چھاپوں کا سلسلہ تیز کیا ہے ۔ ترال میںگزشتہ کئی روز سے فورسز نے ممکنہ طور دھماکے میں مضروب ایک اور جنگجو کی تلاش کیلئے اچانک چھاپوںاور تلاشی کارروائیوں میں تیز ی لائی ہے۔آری پل کے تحت آنے والے علاقوں میں دن وررات کے اوقات کے دوران چھاپے مار کر مکانوں ،گاڑیوں اور راہ گیروں کی تلاشی لی جاتی ہے جبکہ ترال قصبے میں بھی نصف درجن افراد کو پوچھ تاچھ کے لئے گرفتار کیا گیا جنہیں بعد میں رہا کیا گیا ۔ علاقے کی جانب آنے جانے والی گاڑیوں سے مسافروں کو اُتار کر انکی تلاشی لی جا رہی ہے جبکہ قصبے کے مختلف علاقوں میں ادویات فروشوں کے گھروں اور کلنکوں پر بھی چھاپے مارے گئے ہیں۔ آری پل کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے ایک وفد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ مزکورہ تحصیل میں90کی طرز پر فورسز نے خوف دہشت کا ماحول قائم کیا ہے جس کی وجہ سے اب لوگ شام ہوتے ہی گھروں میں سہم کر رہ جاتے ہیں ۔انہوں نے محکمہ پولیس کے اعلی حکام سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ اس دوران پولیس ذرائع نے بتایا کہ ترال کے کسی کمین گاہ میں ایک دھماکے میں جیش محمد سے وابستہ ایک جنگجو جاں بحق ہوا جہاں ایک اور مقامی جنگجوکے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جس کو تلاش کرنے کے لئے تلاشی اور چھاپوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے ۔