گال/شیکھر دھاون اور چتیشور پجارا کی شاندار سنچریوں کی بدولت بھارت نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے تین وکٹ کے نقصان پر 399 رنز بنا لیے ہیں۔گال میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔نوان پرادیپ نے بھینو مکنڈ کو 27 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹا کر اپنی ٹیم کو ابتدا میں ہی کامیابی دلا دی لیکن اس کے ساتھ ہی سری لنکن باو¿لرز کے بڑے امتحان کا آغاز ہوا۔شیکھر دھاون کا ساتھ نبھانے شتیشور پجارا اور دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام سری لنکن باو¿لر کی خوب خبر لی۔اس دوران دھاون نے خصوصاً جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 168 گیندوں پر 31 چوکوں کی مدد سے 190 رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ دوسری وکٹ کیلئے 153 رنز کی شاندار شراکت بھی قائم کی۔بالآخر 280 کے مجموعے پر پرادیپ نے اینجلو میتھیوز کی مدد سے اس بہترین اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ اسکور میں چھ رنز کے اضافے میزبان ٹیم کو اس وقت بڑی کامیابی ملی جب کوہلی بھی صرف تین رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔اس موقع پر امید تھی کہ شاید سری لنکن ٹیم میچ میں واپسی کر سکے لیکن چتیشور پجارا نے راہانے کے ساتھ مل کر ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو بھارت نے تین وکٹ کے نقصان پر 399 رنز بنائے تھے، پجارا 12 چوکوں کی مدد سے 144 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ راہانے نے 39 رنز بنائے ہیں۔سری لنکا کی جانب سے تینوں وکٹیں نوان پرادیپ نے حاصل کیں۔