محمد بشارت
کوٹرنکہ //ضلع راجوری کے گاؤں دھار ساکری میں گزشتہ روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک راہگیر محمد آتش ولد مرحوم مدد حسین پر ریچھ نے حملہ کر دیا۔ حملے میں محمد آتش شدید زخمی ہو گئے، جنہیں مقامی افراد کی مدد سے بچا لیا گیا۔ 25 سالہ محمد آتش سکنہ دھار، پنچایت حلقہ دھار کی وارڈ نمبر 4 میں چلتے ہوئے ریچھ کے حملے کا شکار ہوئے، جس سے ان کی حالت تشویش ناک ہو گئی۔سابقہ سرپنچ اعجاز احمد نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس پنچایت میں ریچھ کا دوسرا حملہ ہے اور محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے اس سنگین مسئلے پر کوئی دھیان نہیں دیا جا رہا۔ انہوں نے بتایا کہ کئی بار اعلیٰ حکام کے نوٹس میں یہ معاملہ لایا گیا، مگر اس پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ اعجاز احمد نے ایکس پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے علاقے میں خوف و ہراس کا ذکر کیا اور کہا کہ دن دہاڑے ریچھ نے حملہ کر دیا، جو کہ اس بات کا غماز ہے کہ محکمہ وائلڈ لائف کا کوئی موثر کردار نہیں ہے۔انہوں نے ایل جی اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ محکمہ وائلڈ لائف کے ملازمین کو متحرک کیا جائے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ کیا جا سکے اور ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔